حکومت اپنی بدعنوانیوں اور اسکامس کو چھپانے انتقامی کارروائی کررہی ہے

کارتی چدمبرم کی گرفتاری سے کانگریس خوفزدہ نہیں ہوگی ، حکومت کی خرابیوں کو آشکار کرنے کا عمل جاری رہے گا : رندیپ سورجئے والا
نئی دہلی ۔ 28 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج پارٹی کے سینئر لیڈر سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کے فرزند کارتی چدمبرم کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی قرار دیا اور کہاکہ مودی حکومت اپنی بدعنوانیوں اور اسکامس کو چھپانے کے لئے یہ توجہ ہٹانے والے حربوں پر کاربند ہے ۔ مودی حکومت کی بدعنوانیوں سے اب عوام واقف ہورہے ہیں ۔ یہ اسکامس اور دھاندلیوں سے بھری حکمرانی سے عوام بیزار آچکے ہیں۔ کارتی چدمبرم کی گرفتاری سے کانگریس پارٹی خوفزدہ نہیں ہوگی اور نہ ہی وہ مودی حکومت کو ان اسکامس کے لئے ذمہ دار قرار دینے کیلئے سچ بولنے سے گریز کرے گی ۔ کانگریس پارٹی کے کمیونکیشن انچارج رندیپ سورجئے والا نے کہاکہ یہ مودی حکومت کا توجہ ہٹانے والا حربہ ہے۔ عوام کی توجہ اپنی بدعنوانیوں سے دوسری جانب مبذول کرانے کی کوشش ہے۔ مودی حکومت میں کرپشن ، اسکامس ، بدعنوانیاں اور مافیا کی حکمرانی ہورہی ہے اور رشوت خوری و نظم و نسق نے سارے ملک کو مفلوج کردیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی اس طرح کی سیاسی انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں ہوگی اس کے لیڈر مسٹر پی چدمبرم اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف انتقام لیا جارہا ہے تو ہم اس پر بھی چپ نہیں رہیں گے بلکہ مودی حکومت کی بدعنوانیوں کا عوام کے سامنے کچا چٹھا کھول کر رہیں گے ۔مودی حکومت عوام کیلئے جوابدہ ہے کہ اس کے دورِ حکومت میں ملک میں بڑے پیمانہ پر بنک اسکامس اور بدعنوانیاں ہورہی ہیں۔ مودی حکومت کا کرپشن آشکار ہورہا ہے اور وہ ہی ملک کے عوام کے سامنے جوابدہ ہے ۔

کارتی چدمبرم کو آج صبح 8 بجے چینائی ایرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ لندن سے واپس ہورہے تھے ۔ سی بی آئی نے گزشتہ سال 15 مئی کو ایک ایف آئی آر درج کیا تھااور ان پر الزام ہے کہ انھوں نے ایف آئی پی سی کلیرنس برائے آئی ایف ایکس میڈیا میں مبینہ بدعنوانیوں کی ہیں۔ اس کے لئے انھوں نے اوورسیز فنڈس بھی وصول کیا ہے اور یہ فنڈس 305 کروڑ روپئے کی شکل میں ہے ۔ فنڈ اس وقت وصول کیا گیا تھا جب پی چدمبرم مرکزی وزیر فینانس تھے ۔ یہ بھی الزام ہے کہ کارتی چدمبرم نے اس کیس میں 10 لاکھ روپئے کی شکل میں فنڈس وصول کئے ہیں۔ سورجئے والا نے مزید کہا کہ مودی حکومت ہی میں گزشتہ 10 دن کے اندر 30,000 کروڑ روپئے کے اسکام کا انکشاف ہوا ہے لیکن وزیراعظم نریندر مودی ’مون مودی کو بول مودی‘ کی طرف پیشرفت نہیں کررہے ہیں ۔ انھوں نے اسکامس کے بار میں اب تک لب کشائی نہیں کی ہے ۔ وہ چھوٹا مودی کے اسکام کے تعلق سے بھی چپ ہیں۔ انھوں نے اس کیس کا حوالہ دیا جس میں ڈیزائنر جویلری نیرو مودی اور اُن کے چاچا میہول چوکسی ، روٹومیک اور درگا داس چند جیویلرس پر مقدمات ہیں اور اب نئے تازہ اسکامس بھی سامنے آرہے ہیں ۔ ہر روز ایک نہ ایک اسکام سامنے آرہا ہے اور وزیراعظم نے خاموشی اختیار کرلی ہے ۔ کانگریس پارٹی کے ایک اور لیڈر اے آئی ی سی جنرل سکریٹری اشوک گیہلوٹ نے کہا کہ کارتی چدمبرم کو حکومت کے بڑے بڑے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے گرفتار کیا گیا ہے ۔