حوثی باغیوں کو حکومت کے سامنے ہتھیار ڈالنے کا مشورہ

دوحہ، 11 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے برائے یمن مارٹن گرفتھس نے حوثی علیحدگی پسندوں کو بھاری ہتھیاروں، ڈرون اور بیلسٹک میزائل یمن کے سرکاری فوج کے حوالے کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔مسٹر گرفتھس کے قریبی ذرائع نے پیرکے دن بتایا کہ اس منصوبے کے تحت یمن میں خون خرابہ روکنے کے لئے عارضی میکانزم کے تحت فوجی اور سلامتی مسائل کے حل اور سیاسی استحکام کے لئے ایک تجویز پیش کی گئی ہے ۔ حوثی علیحدگی پسندوں کو فوجی کمیٹی کی نگرانی میں اپنے لڑاکوں اور بھاری ہتھیاروں، میزائل اور ڈرون کو یمنی حکومت کو سونپنے کے لئے متعین وقت دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ یمنی حکومت اور حوثی علیحدگی پسندوں کے درمیان کئی برسوں سے لڑائی چل رہی ہے ۔ سعودی قیادت والی فورس حوثی باغیوں کے خلاف مارچ 2015 سے ہوائی حملے کررہی ہے ۔ گزشتہ ہفتہ سوئڈن کی راجدھانی اسٹاک ہوم میں یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان اقوام متحدہ کی نگرانی میں بات چیت شروع ہوئی ہے ۔