حوثیوں کے گڑھ میں یمنی فوج کی کامیاب پیشقدمی جاری

صعدہ ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں سرکاری فوج نے منگل کی صبح صعدہ صوبے کے ضلع الحشوہ میں اپنی زمینی پیش قدمی جاری رہنے کا اعلان کیا ہے۔ یمن کے انتہائی شمال میں باغی حوثی ملیشیا کے اس گڑھ میں کارروائی کے دوران یمنی فوج کو اتحادی طیاروں کی معاونت بھی حاصل ہے۔یمنی فوج میں نائنتھ بریگیڈ کے کمانڈر میجر جنرل محمد العملسی کے مطابق زمینی افواج نے الحشوہ میں اہم پیش قدمی کو یقینی بنایا ہے۔ اس دوران جبال النھدین، سمر اور الذیبہ کے علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا گیا۔ لڑائی میں حوثی ملیشیا کو بھاری جانی نقصان پہنچا اور اس کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہو گئے۔یاد رہے کہ یمنی فوج عرب اتحاد کی معاونت سے اس وقت حوثیوں کے گڑھ صعدہ صوبے کے مختلف اضلاع میں باغیوں کے خلاف 8 سے زیادہ محوروں پر وسیع پیمانے پر لڑائی میں مصروف ہے۔