’’حملے کیلئے اب پاکستانی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں ‘‘

پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں: اعجاز چودھری

اسلام آباد۔10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعجاز چودھری نے کہا کہ کسی پر بھی حملہ کیلئے پاکستان کی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔’’ایکسپریس ٹریبیون‘‘ کے مطابق امریکی صحافیوں کے 8 رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے اعجاز نے کہا ” پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور اب وہ کسی پر حملے کیلئے اپنی زمین کے استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔” انہوں نے کہا ” دہشت گردی کے خلاف مہم کی وجہ سے اقتصادی اعدادو شمار بہتر ہوئے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی سے متعلق پوزیشن میں بھی اہم سدھار ہوا ہے ۔مسٹر اعجاز نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور سازش کے خلاف ہے ۔ ملک کے بارے میں غلط سوچ کو ختم کرکے اسے ایک نئے نظریہ سے دیکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فوجی کارروائی کی مدد سے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی صورت حال سدھر گئی یہ جب کہ ترقیاتی کام بھی کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا امیج مثبت ہوا ہے ۔ امریکہ اور دیگر عالمی شراکت دار چین پاکستان اقتصادی کوریڈور میں سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے عدم استحکام سے پاکستان پر اثر پڑا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دیگر متعلقہ فریق کے ساتھ افغان معاملے کے حل کے لئے کام کرے گا کیوں کہ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے ۔