حملے فلسطینی عوام کے خلاف نہیں اسرائیلی سفیر

ناگپور ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے غزہ پٹی میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کیلئے دہشت گرد تنظیم حماس کو موردالزام قرار دیا اور کہا کہ اس کے فضائی حملوں کا نشانہ جنگ زدہ زون میں رہنے والے فلسطینی عوام نہیں ہیں۔ ممبئی میں واقع اسرائیلی قونصل خانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن متان زامیر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے 23 دن سے جاری اس لڑائی میں ہونے والی اموات کی تعداد کے بارے میں بھی اختلاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ پٹی میں فضائی حملوں کا نشانہ وہاں کے عوام نہیں ہیں بلکہ دہشت گرد تنظیم حماس کے خلاف یہ حملے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اسلحہ، ہتھیار اور منشیات کی اسمگلنگ کیلئے 3 کیلو میٹر طویل دہشت گرد سرنگ بنائی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل اس رابطہ کو منقطع کرنے کیلئے حملے کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر جنگ بندی خواہ وہ انسانی بنیادوں پر کی گئی ہو یا عیدالفطر کے موقع پر کی گئی ہو، حماس نے اس کی خلاف ورزی کی ہے۔