حمایت ساگر کے دروازوں کو مزید پانی کے بہاؤ پر ہی کھولنے کا اعلان

شدید بارش سے متوقع پانی کے زیادہ بہاؤ کے ساتھ وارننگ جاری کی گئی تھی ، وجئے کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد یکم / ستمبر ( سیاست نیوز ) مسٹر وجئے کمار ریڈی چیف جنرل منیجر ٹرانسمیشن سرکل حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے کہا کہ حمایت ساگر کے دروازوں کو اس ذخیرہ آب میں مزید پانی بہاؤ ہو تب ہی اٹھایا جائے گا ۔ آج نمائندہ سیاست سے بات کرتے ہوئے وجئے کمار ریڈی نے بتایا کہ شدید بارش اور اس ذخیرہ آب میں پانی کے بہاؤ کے باعث 31 اگست کو موسی ندی کے کناروں پر رہنے والوں کیلئے انتباہ جاری کیا گیا تھا کہ حمایت ساگر کے دروازوں کو کھلا جاسکتا ہے ۔ گذشتہ دو تین روز کی شدید بارش کی اساس پر یہ توقع کی گئی کہ اس طرح کی مزید بارش ہوگی اور پانی کے بہاؤ میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا اس لئے بورڈ نے یہ وارننگ جاری کی تھی اور اتوار کی رات دیر گئے یا پیر کی صبح دروازوں کو کھولنے کی تیاری کی گئی تھی لیکن اس ذخیرہ آب میں آنے والے پانی بہاؤ میں بتدریج کمی ہوگئی ۔ اس لئے مسٹر وجئے کمار نے کہا کہ چونکہ پانی کا بہاؤ توقع کے مطابق نہیں ہوا ہے ۔ اس لئے حمایت ساگر ذخیرہ آب کے دروازوں کو کھولنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حمایت ساگر میں فی الوقت سطح آب 1745 فٹ ہے جبکہ اس کی پوری سطح 1763 فٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر منگل یا چہارشنبہ تک مزید بارش اور اس ذخیرہ آب میں پانی کی اچھی مقدار آئے تو گیٹس کو ا ٹھایا جاسکتا ہے ۔ جس کیلئے مزید 18 فٹ کا بہاؤ درکار ہے ۔ گذشتہ سال حمایت ساگر میں آئے پانی کی بہاؤ سے اس کی سطح 1753 فٹ ہوگئی تھی ۔ حمایت ساگر کے دروازوں کو آخری مرتبہ 2010 میں کھولا گیا تھا ۔ ذخیرہ آب عثمان ساگر کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر وجئے کمار نے کہا کہ موسم بارش کے آغاز سے اس ذخیرہ آب میں پانی کا جو بہاؤ ہوا ہے وہ صرف 3 فٹ ہے ۔ اس کی مکمل سطح آب کے پورے ہونے کیلئے مزید 20 فٹ تک کے بہاؤ کی ضرورت ہے ۔ سنگور میں بھی جزوی پانی کا بہاؤ ہوا ہے جو 0.3TMC ہے ۔ اس کی موجودہ کپاسٹی 11 تا 12 ٹی ایم سی ہے لیکن صرف 0.3 ٹی ایم سی پانی ہی آرہا ہے ۔ اس دوران جنوبی مدھیہ پردیش اور متصلہ ودربھا میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث ساحلی آندھراپردیش اور تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہوگیا ہے اور اس کے اثر سے آئندہ تین دن کے دوران تلنگانہ کے اضلاع نظام آباد، عادل آباد ، کریم نگر اور ورنگل میں کہیں کہیں شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ موسمیات کے دفتر نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تلنگانہ میں کئی مقامات پر اوسط تا شدید بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ ساحلی آندھرا پردیش میں چند مقامات پر ہلکی تا اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔ اسی طرح رائیلسیما میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی تا اوسط بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف میں مطلع عام طور پر ابرآلود رہے گا اور شہر کے کچھ حصوں میں بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔ درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم بالترتیب تقریباً 29 اور 23 ڈگری سیلسیس رہے گا ۔