حلقہ نظام آباد سے 185 امیدواروں کا مقابلہ ایک ریکارڈ

گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں کا جائزہ ،درج کرنے کا امکان

نظا م آباد :12 ؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )نظام آباد پارلیمانی حلقہ میں منعقدہ انتخابات گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کئے جانے کے امکانات ہیں ۔ واضح رہے کہ نظام آباد پارلیمانی حلقہ میں واقع کسانوں نے ہلدی بورڈ کے قیام اور لال جوار کی اقل ترین قیمتوں کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی داخل کی تھی اور 185 امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا جس کے باعث الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کے ذریعہ انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی مرتبہ M3 ای وی ایم کا استعمال کرتے ہوئے 12 بیالٹ یونٹس کا استعمال کرتے ہوئے انتخابات کروایا تھا اور 12 بیالٹ یونٹس کو جوڑتے ہوئے وی وی پیاٹ کا بھی استعمال کیا گیا اور یہ سارا معاملا قومی سطح پر موضوع بحث رہا ۔ اس بارے میں اطلاع پر گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوں نے نظام آباد میں منعقدہ رائے دہی اور انتخابی عمل کا مکمل طور پر جائزہ لیا اور حسب معمول انتخابات پرُ امن طور پر انجام دئیے جانے پر گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کئے جانے کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں ۔