حلقہ لوک سبھا ناگپور میں دلتوں اور پسماندہ طبقات کا اہم رول

۔2014ء میں بی جے پی کو ووٹ دینے والے دلت حکمراں پارٹی سے ناراض
ناگپور ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حلقہ لوک سبھا ناگپور میں دلتوں اور او بی سی جیسے ووٹروں کی اچھی خاصی تعداد ہے جو انتخابات میں کسی بھی رکن پارلیمان کے انتخاب میں فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتیں بشمول کانگریس اور بی جے پی ان رائے دہندوں کو اپنی طرف راغب کرنے کیلئے شب و روز مصروف ہے۔ واضح رہے کہ ناگپور بی جے پی کی نظریاتی سرپرست آر ایس ایس کا ہیڈکوارٹرس بھی ہے۔ دوسری طرف ناگپور دکشا بھومی اور دلتوں کیلئے ایک اہم ترین مقام کی حیثیت رکھتا ہے جہاں دلتوں کے سربراہ بی آر امبیڈکر نے 1956ء میں اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ بدھ مت قبول کرلیا تھا۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اس حلقہ میں خصوصی طور پر دلت طبقہ بدھ ازم سے وابستہ ہے ، 2014ء میں بی جے پی کو ووٹ دیا تھا ، تاہم آنے والے الیکشن کے دوران بی جے پی کے بجائے متبادل پارٹی کو منتخب کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔