حلف برداری تقریب سے این سی پی ۔ کانگریس کے پاپ دھل جائیں گے :شیو سینا

نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )مہاراشٹرا کے چیف منسٹر کی حیثیت سے دیویندر فرنویس کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کے فیصلہ کا لحاظ کئے بغیر شیو سینا نے آج نشاندہی کی کہ بی جے پی نے اس موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا ہے جس سے سابقہ حکومت کے ’’تمام پاپ ‘‘ دھل جائیں گے۔ کانگریس اور این سی پی نے اپنے پندرہ سالہ دور اقتدار میںمہاراشٹرا کو لوٹ لیا۔ عوام کے ہزاروں کروڑ روپئے ضائع کئے ۔ اگر تقریب حلف برداری پر بھاری رقم خرچ کرنے کی بات کی جارہی ہے تو یہ انتہائی مزاحیہ بات ہے۔ پارٹی کے ترجمان ’’سامنا‘‘ کے اداریہ میں شیو سینا نے کہا کہ شرد پوار کی این سی پی جو بی جے پی کو باہر سے تائید فراہم کررہی ہے کل اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنویس کی تقریر حلف برداری کو شاندار پیمانے پر منانے کیلئے بھاری رقم خرچ کی جارہی ہے ۔قبل ازیں کانگریس نے بی جے پی پر تقریر حلف برداری کے وقار کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ اس نے تقریب حلف برداری کو ایک میلے میں تبدیل کردیا ہے ۔ اس موقع کی سنجیدگی اور وقار مٹی میں مل چکا ہے ۔ تاہم شیو سینا نے کہا کہ تقریب حلف برداری سے سابق حکومت کے پاپ دھل جائیں گے ۔ کانگریس کے بموجب نئے چیف منسٹر کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ حکومت کا ساڑھے تین لاکھ کروڑ روپئے کا قرض پہلے ادا کیا جائے۔