حقیقی ڈاکٹروں کے نام نقلی ڈاکٹروں کی سرگرمیاں بے نقاب

حیدرآباد ۔ 28 فبروری (سیاست نیوز) شہر میں اصل ڈاکٹروں کے نام پر نقلی ڈاکٹروں کی سرگرمیوں کو پولیس نے بے نقاب کردیا اور تین نقلی ڈاکٹروں کو پولیس نے گرفتار کرلیا جن میں حقیقی بھائی بتائے گئے ہیں۔ کمشنر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران کاچیگوڑہ، نلہ کنٹہ اور ایڈیکمیٹ کے علاقوں میں کارروائی انجام دی اور منوجیت بسواس 30 سالہ اور اندروجیت بسواس 22 سالہ کے علاوہ 28 سالہ وجئے کمار کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے نقلی دستاویزات اور ادویات کو ضبط کرلیا۔ یہ لوگ بڑے ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کے فرضی ناموں پر کلینک چلاتے ہوئے معصوم عوام کو دھوکہ دے رہے تھے۔ ان تینوں نقلی ڈاکٹروں کا تعلق مدھیہ پردیش سے بتایا گیا ہے جو روزگار اور اپنے رشتہ داروں کو علاج کروانے کی غرض سے حیدآباد آئے تھے۔ اس خصوص میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس مسٹر کوٹی ریڈی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ان نقلی ڈاکٹروں کو میڈیا کے روبرو پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ منوجیت بسواس سال 2012ء میں اپنی رشتہ دار کا علاج کروانے کیلئے بالا نگر میں واقع بی بی آر ہاسپٹل آیا تھا اور اس وقت بسواس ڈاکٹر راجہ شنکر اور ڈاکٹر اے آر کے ریڈی سے اس کی زیادہ ملاقات اور علاج کے تعلق سے تفصیلات کیلئے رابطہ تھا۔ اس دوران منوجیت بسواس نے ان کے سرٹیفکیٹ کے زیراکس کاپی حاصل کرلئے جس کی ان ڈاکٹروں کو اطلاع نہیں تھی اور اپنے بھائی اندروجیت بسواس کو طلب کرلیا جو اس کے کاموں میں ہاتھ بٹایا کرتا تھا۔ دونوں نے ایڈیکمیٹ برج کے قریب سنجیونی کلینک کے نام سے دواخانہ قائم کردیا۔ اسی طرز پر مدھیہ پردیش کا ساکن وجے کمار نے بھی دیپ کلینک کے نام سے چپل بازار کاچیگوڑہ میں کلینک قائم کیا۔ یہ لوگ نہ ہی تعلیم یافتہ اور نہ ہی ان کے یہاں میڈیکل ڈپارٹمنٹ کا کوئی سرٹیفکیٹ ہے۔ ایک خفیہ اطلاع پر ایسٹ زون ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ان نقلی ڈاکٹروں کو بے نقاب کردیا۔