حضور اکرم ﷺ کی ساری زندگی ایک اسوہ حسنہ

حیدرآباد 16 جنوری (راست ) آج ہم وجہ تخلیق کائنات کی تشریف آوری کے ضمن میں پرمسرت دن منارہے ہیں ، رہبر انقلاب اسلامی جمہوری ایران آیت اللہ امام خمینی نے ہفتہ وحدت السملمین منانے کا نعرہ دیا تھا جو آج تک 12تا 17 ربیع الاول ساری دنیا میں عظیم ہستی کی آمد کا جشن میلاد منایا جاتا ہے اس بات کا اظہار آقا حسن نوریا کونسلکٹ جنرل اسلامک ریپبلک آف ایران متعینہ حیدرآباد نے روزنامہ بے مثال اور آل انڈیا شیعہ آرگنائزیشن کے اہتمام دارالشفاء میں منعقدہ جشن رحمت اللعالمین سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ اللہ تعالی نے ساری انسانیت کو ایک ایسا عظیم رہنماء رہبر عطا کیا جس نے اپنی زندگی اور سیرت کے ذریعہ رہتی دنیا تک صحیح زندگی گذارنے کا عملی نمونہ پیش کیا اور آپ نے حضور اکرم ؐ کی پوری زندگی کو ایک اسوہ حسنہ قرار دیا۔ جناب میر ھادی علی مدیر اعلی روزنامہ بے مثال نے کہا کہ حضور اکرم ؐ نے گمراہ انسانوں کو ایک اللہ کے سامنے سر جھکانے کا درس دیا اوربندگی کا سلیقہ عطا کیا ۔

مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا نے اپنے خطاب میں وما ارسلنک الا رحمتہ اللعلمین پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ کے نور اور معجزات ، تعلیمات قیامت تک آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ مولانا سید علی نقی نجفی امام جماعت مسجد جعفری نے کہا کہ آپ کے تعلیمات نے بے چین دل و دماغ کو ایک ایسا چین و سکون مہیا کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کا ایک بڑا حصہ دامن اسلام میں داخل ہوگیا۔ جناب محمد سراج الدین صدر کانگریس کمیٹی شعیہ اقلیت نے حضور اکرم ؐ کے فضائل بیان کئے اور انہی کے بتلائے ہوئے راستوں پر چلنے کی تلقین کی۔ جشن رحمت للعالمین کا آغاز محمد فہیم نے تلاوت کلام پاک سے کیا ۔ جناب یوسف ہاشمی، عبداللطیف ظفر، محمد امجد ،مختار فردین ،غیاث الدین ،ہادی حسین ،سعید الدین ،اعجاز خان کانگریس قائدین کے علاوہ سید حامد حسین جعفری صدر شعیہ یوتھ سرور عابدی ، عظمت، عباس علی سلیم نے منظور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ سید یوسف ہاشمی نے شکریہ ادا کیا۔