حضور اکرم ؐ کی پاکیزہ و مطہر زندگی ہر ایک کے لیے مشعل راہ

قومی سالمیت کمیٹی کا جلسہ جشن میلاد النبیؐ ، اتم کمار ریڈی اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( دکن نیوز ) : کیپٹن اتم کمار ریڈی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ حضور سرور کائناتؐ کی ولادت جو اسلامی کیلنڈر کے لحاظ سے ربیع الاول میں ہوئی اس اعتبار سے مسلمانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ تمام مقدس کتابوں میں آپؐ کی ولادت اور ان کے اخلاق و کردار کا ذکر موجود ہے ۔ امسال 12 ربیع الاول کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے چارمینار کے دامن میں کیمپ لگوایا اور جو جلوس و ریالیاں بڑے احترام کے ساتھ نبیؐ کی شان و شوکت کو بیان کرتے ہوئے گذر رہی تھیں کانگریس کیمپ سے والہانہ محبت و وابستگی کا اظہار کیا ۔ جتنا مسلمانوں کو اس نبی مکرم ؐ کے متعلق وابستگی کا حق ہے اتنا ہی ہمارا بھی حق ہے اس لیے اللہ نے آپ کو رحمتہ للعالمینؐ بناکر مبعوث کیا ۔ ان خیالات کا اظہار کیپٹن اتم کمار ریڈی نے آج پرکاشم ہال گاندھی بھون میں 24 ویں جشن رحمتہ للعالمینؐ سے کیا ۔ اس جشن کی نگرانی ایس کے افضل الدین صدر قومی سالمیت کمیٹی نے کی ۔ قاری صابر پاشاہ قادری کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ ماسٹر توحید اللہ حسینی اور بے بی سیدہ زرین فاطمہ نے نعت شریف سنائی ۔ ڈاکٹر سراج الرحمن ماہر دندان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ پر احسان کیا کہ حضورؐ کی امت میں پیدا کیا ۔ آپؐ نے حسن و اخلاق کے ذریعہ چھوٹوں ، بڑوں اور دوسری اقوام کا دل جیتا تھا اسی طرح ہمیں بھی آپؐ کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا محمد احمد نقشبندی استاد جامعہ نظامیہ نے کہا کہ دنیا جو کسی بھی مذہب کو مانتی ہے اس کے باوجود ان مذاہب میں آپؐ کا مقام اعلیٰ و ارفع ہے ۔ مولانا حامد حسین شطاری نے کہا کہ نبی کریمؐ کی ادا آج نئی نسل کو واقف کروانا ضروری ہے ۔ ڈاکٹر ایم اے انصاری جنرل سکریٹری کمیٹی نے خیر مقدم کیا ۔ خواجہ خلیل اللہ صدر نشین ہماچل پردیش وقف بورڈ نے کہا کہ قومی سالمیت کمیٹی کے یہ جلسے بڑی اہمیت کے حامل ہوتے جارہے ہیں ۔ اس لیے اس میں زیادہ سے زیادہ نئی نسل شرکت کررہی ہے ۔ کانگریس قائد خلیق الرحمن نے حضورؐ کی پاکیزہ زندگی کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی ۔ حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ العلماء ہند تلنگانہ و آندھرا نے قرآن کریم کے حوالے دئیے اور کہا کہ آپؐ کی پاکیزہ و مطہر زندگی ہر ایک کے لیے مشعل راہ ہے ۔ سابق وزیر ڈی رویندر نائک ، فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل ، محمد خواجہ فخر الدین صدر نشین شعبہ اقلیت تلنگانہ پردیش کانگریس ، ڈاکٹر مختار احمد فرد ین، عبداللطیف ظفر ، واجد حسین کے علاوہ دیگر نے مخاطب کیا ۔ محمد رکن الدین ، خان اطہر ، احمد صدیقی مکیش ، محمد آصف علی صوفی نے نعتیں پیش کیں ۔ مرد و خواتین ، طالبات اور نوجوانوں کی کثیر تعداد دیکھی گئی ۔۔