حضور اکرم ؐ کی محبت ایمان کی دلیل: مولانا متین علی شاہ قادری

مرکزی سیرت کمیٹی کا جلسہ بضمن جشن رحمت للعالمین ؐ مشاورتی اجلاس، پروگرام کو قطعیت

حیدرآباد۔/18اکٹوبر، ( پریس نوٹ ) مرکزی سیرت کمیٹی محمدی لائن کا ایک مشاورتی اجلاس 17اکٹوبر کو بعد نماز عشاء غوث منزل، محمدی لائن سکنڈ لانسر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت الحاج محمد غوث قادری ( ایم جے پی ) صدر کمیٹی نے کی۔ اجلاس کی نگرانی مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری خطیب عید گاہ گنبدان قطب شاہ ناظم اعلیٰ مدرسہ رحمت العلوم دلاور شاہ نگر قلعہ گولکنڈہ نے کی، جس میں کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد شدنی 45واں جلسہ جشن رحمت للعالمین ؐ کے ضمن میں مہمان مقررین کو مدعو کرنے کیلئے مختلف ممتاز و معروف علماء کرام اور شعلہ بیان مقررین پر غور و خوض کیا گیا ۔اجلاس میں ماضی میں مخاطب کردہ علماء کرام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے صدر کمیٹی الحاج محمد غوث قادری نے اعلان کیا کہ امسال بھی محمدی لائن سکنڈ لانسر میں 8ربیع الاول کو عظیم الشان فقیدالمثال اور شایان شان ماضی کی طرز پر وسیع پیمانے پر جلسہ جشن رحمت اللعالمین ؐ منعقد کیا جائے۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری نے اپنے خطاب میں محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے اخلاق حسنہ کے ذریعہ بے شمار بندگان خدا کے قلوب کو ایمان کی روشنی سے منور فرمایا۔ مکہ مکرمہ کے لوگ آپؐ کو امین و صادق کے القاب سے جانتے تھے۔ خطیب عید گاہ گنبدان قطب شاہی نے مزید کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ان متبرک محافل کے ذریعہ آپؐ کے اخلاق حسنہ اور آپؐ کے مبارک کردار کے مختلف گوشوں کو نئی نسل اور انسانیت کے لئے عام کیا جائے۔ قاری متین علی شاہ نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت ایمان کی دلیل ہے۔ ایک سچے مسلمان کیلئے ضروری ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو اپناتے ہوئے دین و دنیا میں سرخروئی کا باعث بنیں۔ ناظم اعلیٰ مدرسہ رحمت العلوم گولکنڈہ  و بانی سیرت کمیٹی حیدرآباد مجاہد اہلسنت الجماعت جناب محمد جہانگیر پہلوان کی دینی و مذہبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ مشاورتی اجلاس کا آغاز بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری محمد محبوب قادری کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ بارگاہ رسالت مآبؐ میں جناب محمد سلمان احمد نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں قابل ذکر اراکین کمیٹی مسرس سہیل قادری، سید صادق علی قدیری، محمد فضل ( ایم جے پی) محمد اکبر، محمد محبوب نوری، محمد جمشید، میر عابد علی، محمد اقبال، محمد نصیر، سید عامر، محمد جہانگیر، محمد فیضان، محمد کلیم، حافظ سید معز، محمد عرفات، محمد شہباز الدین، محمد عمر، محمد مجتبیٰ، محمد سہیل، سید مسعود، شیخ عامر، محمد حسین، محمد جیلانی، محمد اعجاز احمد، محمد حسن، محمد زبیر اور دیگر نے شرکت کی۔ آخر میں جلسہ جشن رحمتہ للعالمینؐ کے پروگرام کو قطعیت اور لائحہ عمل طئے کرنے کے بعد مولانا سید متین علی شاہ کی دعاء اور صدر کمیٹی کے اظہار تشکر پر اجلاس کا بحسن و خوبی اختتام عمل میں آیا۔