حضور اکرم ؐ کی ذات اقدس بلا لحاظ مذہب و ملت ’ رہبر ‘ کی حیثیت

لوک سبھا انتخابات کے بعد شرپسند عناصر میں اضافہ افسوسناک : گاندھی بھون میں جلسہ رحمتہ للعالمینؐ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( دکن نیوز ) : قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام یوم رحمتہ للعالمینﷺ ، پرکاشم ہال گاندھی بھون میں منعقد ہوا ۔ ایس کے افضل الدین صدر کمیٹی نے نگرانی کی ۔ پروگرام کا آغاز حافظ صابر پاشاہ کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ احمد صدیقی مکیش ، فاروق عارفی ، توحید اللہ حسینی ، کمسن محمد خضر علی ، فاروق شکیل ، خواجہ رحیم الدین نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا ۔ ڈاکٹر ایم اے انصاری نے خیر مقدم کیا اور کہا کہ گذشتہ 23 سال سے پابندی کے ساتھ قومی سالمیت کمیٹی حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کو پیش کرتی آرہی ہے ۔ انہوں نے علماء کرام اور سامعین سے اظہار تشکر کیا ۔ پونالہ لکشمیا صدر پردیش کانگریس کمیٹی تلنگانہ نے کہا حضور اکرمؐ کی ذات اقدس بلالحاظ قوم و مذہب ملت کے لیے رہبر کی حیثیت رکھتی ہے ۔ جس کو ہماری تمام اقوام جانتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی والا دین ہے جو مومنین اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کردینے کی تعلیم دیتا ہے ۔ انہوں نے بانی جلسہ ایس کے افضل الدین کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ مذہبی و دینی اور سیاسی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد ملک کے حالات یکسر تبدیل ہوگئے اور نئے نئے موضوعات کو لیے شرپسند میدان میں آرہے ہیں جس کی حکومت تائید بھی کررہی ہے جس کے لیے لوجہاد کو بڑھاوا دیا جارہا ہے ۔ اس پر روک لگانا ضروری ہے ۔ اب ایسا وقت آچکا ہے کہ جن کو ذمہ دار بناکر ایوانوں میں بھیجا گیا ہے وہ طبقات کو بانٹنے کی طرف زور دے رہی ہے اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی لوجہاد کی شدید مذمت کرتی ہے ۔ وی ہنمنت راؤ رکن پارلیمان نے نبی آخر الزماں حضور اکرم ؐ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آپؐ کا پیغام بلا لحاظ مذہب و ملت تمام کے لیے ہے اس سے نئی نسل کو واقف کروانا ضروری ہے ۔ حضورؐ کی تعلیمات ایک دوسرے کی مدد ، یتیموں ، بیکسوں ، محتاجوں کا خیال کرنے پر زور دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا موجودہ دور میں تمام طبقات کو بانٹنے کی طرف فسطائی طاقتیں ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں اور آدمی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے ۔ جسٹس ای اسمعیل رکن انسانی حقوق کمیشن سابق نے بھی مخاطب کیا ۔ ڈاکٹر سراج الرحمن نے کہا کہ محبت رسول کا دعویٰ کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ آپؐ کی تعلیمات کو عام کرتے ہوئے اپنی زندگی میں راسخ رہیں ۔ آپؐ کی آمد کا تذکرہ تمام اقوام کی مذہبی کتابوں میں لکھا ہوا ہے ۔ اور اقوام کے مذہبی رہنما جانتے ہیں کہ آپؐ کی آمد نے عرب ہی نہیں دنیا میں ایک بڑی تبدیلی پیدا کی ۔ خلیق الرحمن کانگریس قائد نے مسلمانوں کو حضور اکرم ؐ سے وابستہ ہونے کی تلقین کی ۔ اس موقع پر مرد و خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ جن میں اعجاز الزماں ، مختار احمد فردین ، اور قومی سالمیت کمیٹی کے کارکنان موجود تھے ۔ قاری صابر پاشاہ کی تلاوت سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ بعد ازاں جلسہ میں شریک مرد و خواتین اور نوجوانوں کے طعام کا نظم کیا گیا ۔ سلام بحضور خیر الانامؐ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مختلف کالجس سے وابستہ غیر مسلم طالبات کی کثیر تعداد بھی دیکھی گئی جو اپنے سروں پر اوڑھنی ڈالے جلسہ کو سماعت کررہے تھے ۔۔