حضور اکرم ؐ کا پیام ساری دنیا کیلئے مشعل راہ

گلدستہ نعت شہ کونینؐ کا رسم اجراء، مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری کا خطاب

حیدرآباد۔/24جنوری، ( راست ) ادارہ مرکز روحانی امان نگر ( بی ) تالاب کٹہ کے زیر اہتمام 18واں سالانہ جشن رحمت اللعالمینؐ کا عاشور خانہ حضرت قائم امان نگر ( بی ) تالاب کٹہ میں انعقاد عمل میں آیا۔ قاری انیس احمد کی تلاوت کلام پاک سے آغاز ہوا۔ بعد ازاں جناب سید حسان علی رضوی، مجاہد خان، عباس علی سلیم اور جناب میر ہادی علی صدر انجمن گلشن حسینیہ نے نعت خوانی کی جبکہ مولانا سید علی نقی نجفی امام جمعہ جماعت مسجد جعفری نے کہا کہ حضور اکرم ؐ کو بشیر و نظیر کہہ کر اللہ تعالیٰ نے مخاطب فرمایا اور آپؐ کو سب سے محبوب قرار دیا۔ مولانا سید شاہ حامد حسین شطاری ترجمان کل ہند سنی علماء بورڈ نے بحیثیت مہمان خصوصینے کہا کہ حضور اکرم کا پیام انسانیت ساری دنیا کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج دنیا میں امن و آشتی کے پیغام پر عمل کرنا ہو تو حضور کرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو اختیار کرنا ہوگا۔ مولانا محمد مستان علی قادری، حافظ محمد صابر پاشاہ قادری، مولانا کامران حیدر نے بھی مخاطب کیا۔ مولانا سید لدار حسین عابدی صدر ادارہ نے آئی ایس داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیاجس کے سبب اسلام بدنام ہورہا ہے۔ حضر ابراہیم علی حامی، مولانا سید غلام عسکری رشید، مسرور عابدی، ممتاز دانش، قاری انیس احمد، مظہر عابدی، تقی گلبرگوی ، انور جعفری، محمد نور الدین امیر، معز صدیقی، تراب علی تراب، علی جواد شہپیر، مومن علی اکبر، عباس علی سلیم، عظمت علی عظمت، شبیر علی خاں شبیر، سہیل عظیم، مصطفی علی سید انجینئر نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ میر مظفر علی خاں مجاہد نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جناب سید شمشیر حسین نے شکریہ ادا کیا۔