حضور اکرمؐ کا اسوہ حسنہ ساری انسانیت کے لیے ہدایت

حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( راست ) : حضور اکرم ﷺ کا اسوہ حسنہ ایک درخشاں نور ہدایت ہے جس کو بھلا کر آج ساری قوم کثیر تعداد کے باوجود ذلت وجہالت کی زندگی گذار رہی ہے ۔ دینی تعلیم سے عدم واقفیت کی وجہ ملت بے راہ روی کا شکار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ مہتمم جامعہ دارالعلوم نے یہاں جلسہ سیرت النبیؐ کو یہاں مفتاح العلوم مدرسہ میں مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ اور کہا کہ آج نئی نسل میں اخلاق کی گراوٹ کی اہم وجہ اسلامی تعلیمات سے ناواقفیت ہے ۔ عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم پر بھی خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ مولانا منیر قطب الدین چشتی مہتمم جامعہ انور الہدی نے اپنے خطاب میں آج کے حالات کو مد نظر کو رکھتے ہوئے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ۔ مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی ، مولانا رحیم الدین انصاری اور محمد سعد اللہ صدر مدرسہ بورڈ ٹرسٹ نے تقاریر کی ۔ سید مشرف خالدی ناظم مدرسہ مفتاح العلوم نے تمام مہمانان کا خیر مقدم کرتے ہوئے مدرسہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ بانی مدرسہ محمد یوسف علی حسامی کی رحلت پر مغفرت کی دعا کی گئی ۔ محمد افسر علی نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر مدرسہ کی طالبات نے تعلیمی مظاہرہ پیش کیا ۔۔