حضور اکرمؐ سارے عالم انسانیت کیلئے رحمت

جشن میلاد النبیؐ سے آقا علی صدیق احمد نمائندہ کونسلیٹ ایران کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری (راست) حضور اکرمؐ کی سیاست اور حضور کے تدبر کا یہ بھی اعجاز ہے کہ آپؐ نے عرب جیسے ملک کے ہر گوشہ میں امن و عدل کی حکومت قائم کردی، اس بات کا اظہار نمائندہ کونسلیٹ ایران آقا علی صدیق احمدی قونصل نے درگاہ حضرت سید شاہ علی معصوم شیرازیؒ واقع ستیہ نارائنا کالونی ، حیات نگر میں منعقدہ سالانہ جشن میلاد النبیؐ و یوم وحدت المسلمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ پیغمبرؐ اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ سلم سارے عالم انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے ، آپ کے متواتر معجزات نے اس وقت کے عربوں کو یہ ماننے پر مجبور کردیا تھا کہ آپ سچے امن ، صادق ، امانت دار ، اخلاق و کردار کے مجسم کفار و مشرکین کا زور آپ نے اس طرح توڑ دیا کہ ’’فتح مکہ‘‘ کے موقع پر فی الواقع انہوں نے گھٹنے ٹیک دیئے۔ آپ نے میلاد النبیؐ کو رہبر انقلاب اسلامی جمہوریہ ایران آیت اللہ امام خمنیؒ کی ہدایت پر وحدت المسلمین منانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کلمۂ لا الہ الا الہ، محمد رسول اللہ کی بنیاد پر اکٹھے ہوکر سارے عالم میں پھیلے ہوئے بوچھال ظلم و ستم کو ختم کریں ۔ مولانا محمد فہیم الدین صدر ، رنگا ریڈی ضلع جمیعتہ العلماء نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور ختمی مرتبت کی آمد کے ساتھ ہی سارے دنیا میں نور کا جلوہ بکھیر گیا۔ جناب محمد سراج الدین صدر کانگریس کمیٹی شعبہ اقلیت نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جناب میر ہادی علی متولی و سجادہ نشین درگاہ نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے بھائیوں کو بتلائیں کہ عید میلاد النبیؐ کی برکتیں کیا ہیں، ہمارا دین اسلام کیا ہے۔ نمائندہ کونسلیٹ جنرل ایران حیدرآباد آقا علی صدیقی احمدی قونصل کو فارسی کا اردو ترجمہ جناب آقا اکبر نرومند پی آر او کونسلیٹ نے کیا۔ جناب سید مصطفیٰ علی نے تلاوت کلام پاک سے آغاز کیا ۔ جناب عظمت علی عظمت، جناب مسرور عابدی نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا ۔ جناب محمد شکیل اور غوث پاشاہ نے بھی حصہ لیا ۔ بعدازاں نیاز شریف کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا ۔