حضوراکرم ﷺ کی ذات تمام انسانیت کیلئے رہنما

قومی سالمیت کمیٹی کا یوم رحمتہ اللعلمین ﷺ، کانگریس قائدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 جنوری (دکن نیوز) قومی سالمیت کمیٹی کے زیراہتمام یوم رحمتہ اللعلمین ﷺ پرکاشم ہال گاندھی بھون میں منعقد ہوا۔ ایس کے افضل الدین صدر کمیٹی نے نگرانی کی۔ پروگرام کا آغاز حافظ صابر پاشاہ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ احمد صدیقی مکیش، فاروق عارفی، کمسن عبداللہ، کمسن محمد خضر علی، فاروق شکیل نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ ڈاکٹر ایم اے احمد انصاری نے خیرمقدم کیا اور کہا کہ گذشتہ 23 سال سے پابندی کے ساتھ قومی سالمیت کمیٹی حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ کو پیش کرتے آرہی ہے۔ انہوں نے علماء کرام اور سامعین سے اظہارتشکر کیا۔ پونالہ لکشمیا صدر پردیش کانگریس کمیٹی تلنگانہ نے کہا کہ حضوراکرم ﷺ کی ذات اقدس بلالحاظ مذہب ملت کیلئے رہبری کی حیثیت رکھتی ہے جس کو ہماری تمام اقوام جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سلامتی والا دین ہے۔ وی ہنمنت راؤ رکن پارلیمان نے نبی آخرالزماں حضوراکرمﷺ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آپ ﷺ کا پیغام بلالحاظ مذہب و ملت تمام کیلئے ہے۔ اس سے نئی نسل کو واقف کروانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح نبی کریم ﷺ نے تمام کو برابر کے حقوق دیئے ہیں اسی طرح اس ملک میں برابر کے حقوق ملنا چاہئے۔ انہوں نے صاف صاف الفاظ میں کہا کہ یہ ملک جمہوری اقدار پر مبنی ہے۔ جسٹس ای اسمعٰیل رکن انسانی حقوق کمیشن سابق نے کہا کہ خواتین کو اسلام نے بیش بہا حقوق سے نوازا، جس میں انسانی حقوق کو بڑی اہمیت دی گئی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہیکہ اسلام پر عمل کرنے کا عہد کریں۔ ڈاکٹر سراج الرحمن نے کہا کہ محبت رسول کا دعویٰ کرنے والوں کیلئے ضروری ہیکہ وہ آپ ؐ کی تعلیمات کو عام کرتے ہوئے اپنی زندگی میں راسخ ہوں۔ کرکٹر اظہرالدین کے فرزند اسدالدین نے رحمتہ اللعلمین ﷺ کی سیرت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آپ ﷺ کو اللہ رب العزت نے عالموں کیلئے رحمت بنا کر روانہ کیا۔ آپﷺ نے تمام انسانوں کے ساتھ مساوات کی تعلیم دی۔ خلیق الرحمن کانگریس قائد نے مسلمانوں کو حضوراکرم ﷺ سے وابستہ ہونے کی تلقین کی۔ اس موقع پر مرد و خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں اعجازالزماں، مختار احمد فردین اور قومی سالمیت کمیٹی کے کارکنان موجود تھے۔