حضوراکرم ﷺ کی تعلیمات ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ

حیدرآباد ۔ 20 مارچ (پریس نوٹ) مسلم گرلز اسوسی ایشن کی جانب سے خواتین و طالبات کیلئے ایک خصوصی پروگرام بعنوان ’’نبی کریم ﷺ کی شخصیت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ 19 مارچ کو سنتوش نگر میں منعقد ہوا۔ محترمہ روحی خاں نے نبی کریم ﷺ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی بعثت ساری انسانیت کیلئے تھی اور آپ ﷺ کی تعلیمات بھی ساری انسانیت کیلئے رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے۔ آپ ﷺ کی بنیادی تعلیم عقیدہ کی درستگی پر مبنی ہے۔ آپ ﷺ نے شرک و کفر اور تمام خبیث عقائد کو پاک و صاف کرکے عقیدہ توحید کو مرکز نور ہدایت اور رحمانیت قرار دیا۔ عقیدہ توحید کی مضبوطی کے متعلق انہوں نے کہا کہ زمین اور آسمان اور ان دونوں کے درمیان میں جو کچھ ہے سب پراللہ تعالیٰ کا اختیار ہے۔ فائدہ و نقصان اللہ کے ہاتھ میں ہے چاہے کوئی کتنا ہی نقصان پہنچانا چاہے نہیں پہنچا سکتا۔ وہ قادر مطلق و بے پناہ قوت و قدرت والا ہے۔ اسی کی بندگی کرنا، اسی سے ڈرنا اور اسی سے محبت کرنا ایمان کا لازمی جز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے ایمان کے بعد عمل صالح پر زور دیا اور اللہ رب العزت کے آگے جھکنے اور اس کی بندگی بجا لانے فرائض کی پابندی کا حکم دیا۔ آپ ﷺ نے عبادات کو صرف نماز تک محدود نہیں رکھا بلکہ روزہ، حج، زکوٰۃ اور جہاد کو ایک دوسرے سے منسلک و مربوط کردیا اور زندگی کے ہر عمل کو عبادت میں شامل کیا۔ فرض کے ساتھ اپنے نفس کی پاکیزگی کیلئے تزکیہ کے عمل کو اپنانے پر زور دیا۔