حضرت شاہ افضل بیابانیؒ کے سہ روزہ عرس تقاریب کا اختتام

قاضی پیٹ۔ یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ کے 162ویں سالانہ عرس شریف کے ضمن میں رفاعی القادری فقراء نے ضربات بداوا کے ذریعہ روحانی کرشمات کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں محفل قوالی کے ساتھ رات دیر گئے ان تین روزہ مراسم عرس کا اختتام عمل میں آیا۔ واضح رہے کہ 30ڈسمبر کو 11بجے شب درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ قاضی پیٹ کے سجادہ نشین مولانا غلام افضل بیابانی ( خسرو پاشاہ ) نے صندل مالی کے ساتھ عرس تقاریب کا آغاز کیا تھا۔ مراسم صندل مالی میں جنوبی ہند کی مختلف درگاہوں کے سجادگان، مشائخ، فقراء، مریدین ، ارکان خاندان اور دیگر حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

31ڈسمبر کو محفل چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔جس میںآندھرا پردیش کے علاوہ دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔ ان میں دوسروں کے علاوہ ریاستی وزیر بہبودی پسماندہ طبقات بسواراج ساریا، رکن پارلیمنٹ سرسلہ راجیا، ضلع کلکٹر جی کشن، رینج ڈی آئی جی کانتا راؤ، رکن راجیہ سبھا گنڈو سوما رانی، ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس ( اربن ) وینکٹیشور راؤ اور دوسروں نے بطور عقیدت درگاہ پر چادر گل پیش کی۔ خسرو پاشاہ نے امام ضامن باندھے اور ان تمام کیلئے دعاء کی۔ گرین اسٹار یوتھ کے زیر اہتمام مقامی مسلم نوجوانوں نے جلوس نشان مبارک کا اہتمام کیا۔ عرس کے موقع پر بلا لحاظ مذہب و ملت سب کیلئے لنگر کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر سرسلہ راجیا ایم پی نے درگاہ شریف کے احاطہ میں اسلامی سنٹر کے لئے 10لاکھ روپئے کے فنڈ کی فراہمی کا اعلان کیا۔

اردو اسکول کامپلکس میدک کا اجلاس
میدک ۔ یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک مستقر پر ڈیویژن سطح کے اردو اسکول کامپلکس کا اجلاس گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میدک میں یکم جنوری کو منعقد ہوا۔ اس پروگرام کو ڈپٹی ڈی ای او جناب ایم سیمویل اور ایم ای او جناب کے نریش نے مخاطب کیا۔ پاپنا پیٹ، ٹیکمال، چیگنٹہ، کلچارم، کوڈی پلی رامائم پیٹ، میدک منڈلس کے اردو اساتذہ نے شرکت کی جس میں نئے درسی کتب کا جائزہ لے کر کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔