حصول علحدہ ریاست تلنگانہ کے لیے عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش

تلنگانہ بھون میں یوم تاسیس تلنگانہ تقریب ، کارگزار صدر ٹی آر ایس کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز) کاگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی صدر دفتر ’’تلنگانہ بھون‘‘ میں پرچم کشائی انجام دی اور ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس نے کے چندر شیکھر راؤ کی قیاد ت میں تلنگانہ کے حصول کیلئے کامیاب جدوجہد کی جس کے نتیجہ میں آج علحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ انہوں نے ٹی آر ایس کارکنوں اور تلنگانہ عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے لئے جو جدوجہد کی گئی وہ ایک تاریخ ہے اور اس تاریخ کو رقم کرنے میں ٹی آر ایس اور تلنگانہ عوام کے علاوہ تلنگانہ کی جامعات میں تعلیم حاصل کررہے طلبہ کا کلیدی کردار رہا۔ انہوں نے حصول تلنگانہ کے لئے اپنی زندگیوں کی قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے عوام ان افراد کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے جنہوں نے عزت نفس کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دیتے ہوئے علحدہ ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ مسٹر کے ٹی راماراؤ نے کہا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کے حصول کیلئے شروع کی گئی سیاسی جدوجہد کو کامیاب بنانے کیلئے تلنگانہ راشٹر سمیتی نے جو قربانیاں دی ہیں وہ بھی یاد رکھی جائیں گی کیونکہ تلنگانہ راشٹر سمیتی نے نہ صرف اقتدار کو ٹھوکر میں رکھا بلکہ جب کبھی تلنگانہ راشٹر سمیتی کو چیالنج کیا گیا ٹی آر ایس نے تلنگانہ عوام میں موجود علحدہ ریاست کے جذبہ سے ارباب اقتدار کو واقف کروایا ۔ انہو ںنے بتایا کہ علحدہ ریاست کے مطالبہ کے دوران یہ کہا جا رہا تھا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کی صورت میں ریاست معاشی انحطاط اور برقی قلت کا شکار ہوجائے گی اور ریاست میں آبی قحط کے حالات پیدا ہوجائیں گے لیکن ریاست تلنگانہ میں کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور حکمت عملی کے نتائج آج ملک کے سامنے ہیں اور ملک بھر میں حکومت تلنگانہ کی ستائش اور کارکردگی کی سراہنا کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاست تلنگانہ میں برقی پیداوار کے علاوہ آبپاشی پراجکٹس کے سبب جو ترقیاتی کام جاری ہیں وہ مثالی ہیں ان کاموں کو دیگر ریاستوں میں شروع کرنے کے سلسلہ میں مشاورت جاری ہے۔مسٹر کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ بھون میں پرچم کشائی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کی مجموعی ترقی اور ریاست میں حکومت کی جانب سے انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے سبب آنے والی تبدیلیوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ آئندہ چند برسوں کے دوران ریاست تلنگانہ ترقی کی نئی منزلیں طئے کرے گی۔