حصول تقوی، روزہ کا اصل مقصد

بیدر میں آئیٹا کے زیر اہتمام جلسہ ، مختلف اساتذہ کا خطاب
بیدر۔30؍جون۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ آئیٹا بیدر کی جانب سے گورنمنٹ اُردوہائیر پرائمری اسکول کمٹھانہ میں مسلسل تیسرا شعور بیداری پروگرام برائے ماہِ رمضان المبارک کا انعقاد عمل میں آیا،جس میںاساتذہ، طلباء اوراولیائے طلباء شریک رہے۔ اِفتتاحی کلمات مدرسہ ہذا کی معلمہ نازیہ صاحبہ نے ادا کئے۔پروگرام کا آغاز مدرسہ ہذا کے طالبہ عرشیہ فاطمہ جماعت ہشتم کی قرآتِ کلام پاک سے ہوا۔حمد کوطالبہ ثمینہ بیگم جماعت ہشتم اور نعتِ شریف کوطالب علم محمد عدنان جماعت ہشتم نے پیش کیا۔محترمہ بلقیس فاطمہ صاحبہ کنوینر لیڈیز وِنگ آئیٹا بیدر نے”ماہِ رمضان المبارک اور ہماری ذمہ داریاں” کے عنوان پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن اور روزہ بندہ کی قیامت کے روز سفارش کریں گے اور روزہ دار کو روزہ کا اجر صرف اللہ تعالیٰ دینے والا ہے۔ اور مزید کہا کہ روزہ کا حاصل تقویٰ ہے ہمیں اللہ سے ڈرتے ہوئے زندگی گذارنی چاہئے اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی انجام دینے کی ضرورت ہے۔ محترمہ منہاج بیگم صاحبہ خازن لیڈیز وِنگ آئیٹا بیدر نے “قرآن اور رمضان” کے عنوان پر تقریرکی،روزہ کا اصل مقصد برُائیوں سے اجتناب کرتے ہوئے اللہ کی رضا حاصل کرنا ہے بتلایا اورتلاوتِ قرآن کی اہمیت پر بھی سیر حاصل معلومات فراہم کی۔ مدرسہ ہذا کی صدر معلمہ عظمت اُلنساء صاحبہ نے اپنے صدارتی خطاب میں بچوں اور اساتذہ کو پروگرام میں سُنی ہوئی تمام باتوں پر عمل کرنے کی تلقین کی۔شکریہ کلمات کو مدرسہ ہذا کی معلمہ زاہدہ سُلطانہ نے پیش کیا اور نظامت کو مدرسہ ہذا ہی کی معلمہ رفعت صباء نے ادا کی۔ جلسہ کا اختتام محترمہ تبسم فاطمہ کور کمیٹی ممبر آئیٹا لیڈیز وِنگ بیدر کی رقعت آمیز دُعا پر ہوا۔دریں اثناء آئیٹا بیدر کی جانب سے گورنمنٹ ماڈل پرائمری اسکول بگدل میں شعور بیداری پروگرام برائے ماہِ رمضان المبارک کا انعقاد عمل میں آیا۔جلسہ کا آغاز مدرسہ ہذا کے طالب علم نسیم الدین جماعت پنجم کی قرآتِ کلام پاک سے ہوا۔حمد ِ باری تعالیٰ کوطالبہ نسرین فاطمہ جماعت ہشتم اور نعتِ شریف کوثمرین فاطمہ جماعت ہفتم نے پیش کیا۔محترمہ بلقیس فاطمہ صاحبہ کنوینر لیڈیز وِنگ آئیٹا بیدر نے”ماہِ رمضان کی اہمیت و فضیلت اور قرآن شریف کی سفارش” کے عنوان پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ آپ نے کہا کہ روزہ رکھنے والوں کیلئے عرش کے نیچے ایک دسترخوان بچھایا جائیگا، جس پر طرح طرح کے کھانے ہونگے اور وہ بڑی عزت و شان سے کھانے پینے میں مصروف ہونگے۔ یہ ہماری تربیت کا، مغفرت کا اور دعاؤں کی قبولیت کا مہینہ ہے،اس سے ہمیں فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ محترمہ عائشہ حمیرہ معاون کنوینر لیڈیز وِنگ آئیٹا بیدر نے “روزہ کی اہمیت و افادیت”پر روشنی ڈالی۔ آپ نے بتایا کہ اللہ کی رضا و خوشنودی کیلئے روزہ رکھنا چاہیے۔محترمہ شاہین فاطمہ سکریٹری لیڈیز وِنگ آئیٹا بیدر نے “روزہ کی حالت میں خود کا محاسبہ” کے عنوان پرروشنی ڈالی۔ محترمہ منہاج بیگم صاحبہ خازن لیڈیز وِنگ آئیٹا بیدر نے “قرآن اور رمضان” کے عنوان پر تقریرکی، رمضان کے معنی ومفہوم اورتلاوتِ قرآن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔GIOبگدل کی سکریٹری محترمہ شگفتہ سلطانہ نے “روزہ دار کیسا ہو”کے عنوان پر خطاب کیا۔شہناز سلطانہ صاحبہ رکن آئیٹا بیدر و معلمہ مدرسہ ہذا نے تشکری کلمات کہے۔ اس پروگرام میں ٹیچرس، طلباء و طالبات اور والدین و سرپرستوں کی کثیر تعداد شریک رہی۔ محترمہ تقدیس کوثر صدرGIO کی دُعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔