حصول اراضی قانون : اپوزیشن پر وزیراعظم کی تنقید کی سی پی آئی کی جانب سے مذمت

نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر سرکاری ذرائع ابلاغ حصول اراضی قانون میں ترمیمات کے خلاف اپوزیشن کے موقف پر تنقید کیلئے سرکاری ذرائع ابلاغ کا سہارا لینے کی مذمت کی۔ قومی سکریٹری سی پی آئی ڈی راجہ نے کہا کہ یہ حکومت نہ تو سیاسی پارٹیوں سے اور نہ پارلیمنٹ سے مشاورت کرتی ہے۔ وزیراعظم سرکاری ذرائع ابلاغ جیسے آل انڈیا ریڈیو کو حصول اراضی قانون میں ترمیمات کی مخالفت کرنے والی سیاسی پارٹیوں کی مذمت کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تقریباً تمام اپوزیشن پارٹیاں صدرجمہوریہ کے پاس ایک جلوس کی شکل میںگئی تھیں اور انہوں نے ترمیمی بل کی مخالفت کی تھی۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ اب پارلیمنٹ کے اجلاس کا انتظار کرے تاکہ اس مسئلہ کی یکسوئی کی جاسکے جس سے لاکھوں غریب عوام خاص طور پر کسان متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ راجہ نے کہاکہ اراضی کا مسئلہ اہم ہے۔ یہ صرف بی جے پی بمقابلہ کانگریس تنازعہ نہیں ہے۔ وہ مرکزی وزیر نتن گڈکری کی کانگریس پر تنقیدکا حوالہ دے رہے تھے جنہوں نے ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا قانون غذائی طمانیت کیلئے مستقبل میں ایک سنگین خطرہ ثابت ہوگا۔ سی پی آئی نے کہا کہ 18 صنعتی راہداریوں کیلئے 35 فیصد قابل کاشت اراضی نگل لینے کی حکومت کی تجویز ہزاروں دیہاتیوں کیلئے خودکشی کی وجہ بن جائے گی۔ ہزاروں لوگ اپنے روزگار سے محروم ہوجائیں گے۔

صدر جمہوریہ کا دورہ
مغربی بنگال
نئی دہلی۔/31مارچ،( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کا دو روزہ دورہ مغربی بنگال کا کل سے آغاز ہوگا۔ جہاں پر وہ مختلف پروگرامس بشمول شمالی 24پرگنہ میں گرلز کالج کی عمارت کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ صدر جمہوریہ کل آشوتوش کالج رام کرشنا مشن انسٹی ٹیوٹ آف کلچر کولکتہ کی سنچری بلڈنگ کا افتتاح کریں گے اور جمعرات کے دن 24پرگنہ ضلع کے برسات میں گرلز کالج راما کرشنا ویویوکا نندا مشن کی جدید عمارت کا افتتاح کریں گے اور نئی دہلی روانگی سے قبل کولکتہ میں ایک یتیم خانہ کا افتتاح کریں گے جس میں 1000 لڑکوں کے قیام کی سہولت رہے گی۔