حسن و نکھار :موسم سرما میں جلد کی خصوصی نگہداشت

موسم سرما میں جہاں ہمارے ملبوسات اور غذائی انداز میں تبدیلی واقع ہوتی ہے، وہیں اس بدلتے موسم میں ہماری جلد بھی خصوصی توجہ چاہتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں موئسچرائزر کا استعمال جلد کو خشکی سے بچاتا ہے۔ وہ افراد جن کی جلد نارمل ہے، انہیں کم از کم دو مرتبہ (ایک مرتبہ نہانے کے بعد اور دوسری بار سوتے وقت) موئسچرائزر کا استعمال کرنا چاہئے۔
وہ لوگ جن کی جلد خشک ہے انہیں بار بار اس کا استعمال کرنا چاہئے۔پانی اور صابن کے استعمال سے جلد کی چکنائی عارضی طور پر ہٹ جاتی ہے۔ موسم سرما میں چکنائی جلد کو منفی اثرات سے محفوظ رکھتی ہے۔ موئسچرائزر کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھنا چاہئے کہ موئسچرائزر کلر اور پرفیوم فری ہو۔ اس میں دیرپا چکنائی فراہم کرنے کی خوبی ہونی چاہئے یعنی اس کا اثر جلد پر کم از کم 6 سے 8 گھنٹے تک قائم رہے۔ بچوں کی جلد پر موسم سرما میں موئسچرائزر کا استعمال بار بار کرنا چاہئے کیونکہ ان کی نازک جلد پر موسم کے اثرات جلدی اور زیادہ ظاہر ہوتے ہیں۔ موسم سرما میں ملبوسات کا استعمال کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ جو لباس بھی زیب تن کررہی ہیں، وہ آرام دہ ہو۔ اس موسم میں جو لوگ ہیٹر یا گرم پانی کا زیادہ استعمال کرتے ہیں، انہیں بھی خشکی کی شکایت ہوسکتی ہے کیونکہ یہ دونوں چیزیں جلد کی چکنائی کو ہٹا دیتی ہیں۔

موسم سرما میں گہرے رنگ والے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال مفید ہوتا ہے جو قوت مدافعت میں اضافہ کرتے ہیں۔ سردیوں میں بھی دن میں کم از کم 8 سے 10 گلاس پانی پینا چاہئے۔ پانی جلد کو خشکی سے بچاتا ہے۔ اسی طرح پیروں کے تلوؤں اور ایڑیوں کی حفاظت کے لئے موسم سرما میں موئسچرائزر یا پیٹرولیم جیلی کا استعمال کیا جائے۔ بہت زیادہ خشک جلد والے موسم سرما میں کولڈ کریم یا پیٹرولیم جیلی کا استعمال کریں جبکہ درمیانی جلد والے موئسچرائزر کا کریم یا لوشن کا استعمال نہ کریں جس میں پانی زیادہ اور چکنائی کم ہوتی ہے۔ موسم سرما میں ہونٹوں سے نیچرل تیل ختم ہوجاتا ہے اور لوگ پانی بھی کم پیتے ہیں۔ اس لئے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں۔ اس کا علاج یہ ہے کہ روزانہ کم از کم دو سے تین لیٹر پانی ضرور پئیں ، ساتھ ہی لپ بام کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔ اس سے ہونٹ نہیں پھٹیں گے اور ان کی نمی بھی برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ اپنے کھانے میں ترکاریاں اور پتیوں والی سبزیاں شامل ہیں۔ گاجر، ٹماٹر وغیرہ کا استعمال بھی ہونٹوں کے لئے مفید ہے۔

جھریاں کم کرنے کا ماسک
اشیاء : بیسن ایک چائے کا چمچہ، شہد دو چائے کا چمچہ،گلیسرین دو چائے کا چمچہ، کریم تین چائے کے چمچ ،ترکیب : ان تمام چیزوں کو ایک پیالے میں ڈال کر اتنا ملائیں کہ تمام اجزاء ایک دوسرے میں گھل مل جائیں، اب پیسٹ کو چہرے اور گردن پر اچھی طرح لگالیں۔ تقریباً پندرہ منٹ لگا رہنے دیں پھر صاف پانی سے دھولیں۔ اس سے جھریاں دُور ہوں گی اور جلد سرسبز و شاداب ہوگی۔