حرم کے مقابل کمروں کے کرایوں میں ضافہ

مدینہ منورہ ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں حرمین شریفین کے قریب موجود ہوٹلوں کے کمروں کی قیمت عمرہ اور حج کے دنوں میں ویسے ہی عام کرائے سے زیادہ ہوتی ہے مگر رمضان کے آخری عشرے کے دوران کعبہ کا براہ راست منظر دکھانے والے کمروں کے کرایہ میں انتہائی اضافہ ہوگیا ہے۔ مسجد الحرام کے ساتھ ہوٹل میں ایک بکنگ ایجنٹ کے مطابق حرم کی طرف کھڑکی رکھنے والے کمرے کا کرایہ 70 ہزار سعودی ریال سے دو لاکھ سعودی ریال تک پہنچ جاتا ہے۔ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران تمام مخیر حضرات مکہ کا رخ کرتے ہیں تاکہ خشوع و خضوع کے ساتھ عبادت کرسکیں۔ اس موقع پر ان افراد کی توجہ کھینچنے کیلئے ہوٹل مالکان بہتر سہولیات، فرنیچر اور تمام ضروریات زندگی کی موجودگی کو یقینی بناتے ہیں۔
ان تمام ہوٹلوں میں موجود کمروں کی بکنگ کا عمل بہت دن پہلے ہی مکمل ہوجاتا ہے۔ ان کمروں میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہوتے ہیں مگر ان میں اکثریت خلیجی ممالک کے شہریوں کی ہوتی ہے۔
ترکی میں ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو گئی
استنبول ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) استنبول کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کے بعد ترکی میں سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ حملہ میں ہلاک ہونے افراد کی تعداد 42 ہو گئی ہے جن میں 13 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ استنبول کے گورنر واسب ساہن کے مطابق اتاترک ایئرپورٹ پر مرنے والوں میں ترکی کے 25 شہری جبکہ 13 غیر ملکی شامل ہیں جن میں سے تین کے پاس دوہری شہریت تھی۔ دہشت گردی کی اس واردات میں مرنے والے غیر ملکیوں میں سعودی عرب کے پانچ، عراق کے دو جبکہ چین، ایران، ازبکستان، تیونس، اردن اور یوکرین کا ایک ایک شہری شامل ہیں۔