حدیدہ میں جنگ بندی معاہدہ پر عمل آوری کے بعد حالات پُرسکون

صنعاء ۔ 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے حدیدہ شہر میں منگل کے روز حالات پُرسکون پائے گئے۔ یاد رہیکہ اقوام متحدہ کی جانب سے قطعیت دیئے گئے جنگ بندی معاہدہ پر رات دیر گئے عمل آوری شروع ہوگئی جبکہ قبل ازیں جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔ حکومت حامی ذرائع اور ساکنان حدیدہ نے یہ بات بتائی۔ دوسری طرف حکومت حامی ایک فوجی ذریعہ نے بتایا کہ یمن کے مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے سے حالات بالکل پُرسکون ہیں۔ سویڈن میں اقوام متحدہ کی قیادت میں جنگ بندی معاہدہ پر رات دیر گئے سے عمل آوری کی گئی تھی تاہم ڈیڈ لائن برخاست ہونے تک بھی لڑائی کا سلسلہ جاری تھا تاہم کچھ دیر بعد ساکنان حدیدہ نے فون کرتے ہوئے اس بات کی توثیق کی کہ اب لڑائی بند ہوچکی ہے تاہم یہ بات اب تک وثوق سے نہیں کہی جاسکتی کہ لڑائی اقوام متحدہ کے جنگ بندی معاہدہ کے احترام میں بند کی گئی ہے یا پھر یوں ہی عارضی طور پر بند کی گئی ہے۔ یاد رہیکہ حکومت حامی فوج جسے سعودی قیادت والے اتحادکی تائید حاصل ہے اور ایران کی حمایت والے حوثی باغیوں کے درمیان عرصہ دراز سے لڑائی جاری تھی۔