حج 2019 کیلئے تلنگانہ کے 284 عازمین ویٹنگ لسٹ کے تحت منتخب

حیدرآباد 28 مئی (سیاست نیوز) حج 2019 ء کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا نے ملک کی 13 ریاستوں بشمول تلنگانہ کے لئے 2426 نشستوں پر مشتمل ویٹنگ لسٹ کو منظوری دی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود علی خان نے آج سرکولر جاری کرتے ہوئے حج کمیٹیوں کی ویٹنگ لسٹ سے واقف کروایا۔ تلنگانہ کے لئے 284 نشستیں الاٹ کی گئی ہیں اور ویٹنگ لسٹ 1171 سے بڑھ کر 1455 تک منظوری دے دی گئی۔ سرکولر کے مطابق مختلف ریاستوں میں سفر حج منسوخ کرنے کے سبب 2426 نشستیں خالی ہوئی ہیں۔ ان میں 642 نشستیں انڈر کوٹہ ریاستوں کی ہیں۔ ویٹنگ لسٹ کے تحت منتخب عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ 7 جون تک عزیزیہ زمرے سفری اخراجات یعنی 2 لاکھ ایک ہزار روپئے مکمل طور پر ادا کردیں۔ یہ رقم حج کمیٹی کے ویب سائٹ پر آن لائن یا SBI اور یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جمع کی جاسکتی ہے۔ رقم جمع کرنے کے بعد انٹرنیشنل پاسپورٹ، ایک کلر فوٹو، پے ان سلپ اور میڈیکل فٹنس سرٹیفکٹ 7 جون تک متعلقہ حج کمیٹیوں میں جمع کردیں۔ حج کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 12 جون تک منتخب عازمین کے دستاویزات سنٹرل حج کمیٹی کو روانہ کریں۔