حج ہاؤز میں عازمین کی آمدکا آغاز‘ کل پہلے قافلہ کی سعودی عرب روانگی

رہائش اور دیگر تمام انتظامات مکمل‘محمد سلیم اور مسیح اللہ خان نے معائنہ کیا‘جناب محمد محمود علی اللہ کے مہمانوں کووداع کریں گے

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج کیمپ 2018 ء کا آج سے آغاز ہوا اور یکم اگست کو روانہ ہونے والے پہلے قافلہ کے عازمین نے رپورٹنگ شروع کردی ہے۔حج ہاؤز میں عازمین کی آمد سے روحانی منظر دکھائی دے رہا ہے۔ کیمپ میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں اور حج ہاؤز پہنچنے والے عازمین کے لئے عمارت میں رہائش کا انتظام کیا گیا ہے ۔ حج ہاؤز سے متصل کھلی اراضی پر واٹر پروف ٹینٹ تعمیر کیا گیا جس کے ایک حصہ میں عازمین کی رہائش کا انتظام رہے گا ۔ سعودی ایرلائینس کی پہلی فلائیٹ یکم اگست چہارشنبہ کی صبح 7 بجکر 30 منٹ پر شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے اڑان بھرے گی۔ پہلی فلائیٹ میں 300 عازمین جدہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ پہلے قافلہ کو رات دیر گئے 3.30 بجے حج ہاؤز سے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی وداع کریں گے ۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور انتظامات کی راست نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون نے آج پولیس کے عملہ کو حج ہاؤز اور اس کے اطراف تعینات کیا۔ انہوں نے سیکوریٹی انتطامات کے سلسلہ میں پروفیسر ایس اے شکور سے مشاورت کی۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان اور صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ حج ہاؤز کے بیرونی حصہ میں خیرمقدمی کمان نصب کی گئی ۔ اس کے علاوہ حج ہاؤز کا اندرونی حصہ قائدین کی تصاویر پر مشتمل بیانرس سے پر ہوچکا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ای بکنگ کی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے زیادہ تر عازمین نے رپورٹنگ کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ ای بکنگ سے استفادہ کرنے والے عازمین فلائیٹ کی روانگی سے 10 گھنٹے قبل حج کیمپ رجوع ہوں گے۔ ایسے عازمین کی تعداد بہت کم ہے جو 48 گھنٹے قبل حج ہاؤز رپورٹنگ کیلئے پہنچ گئے ، انے میں زیادہ تر کا تعلق اضلاع سے ہے۔ پہلی فلائیٹ کے 303 عازمین میں 297 کا تعلق تلنگانہ سے اور 6 کا کرناٹک سے ہے۔ حیدرآباد کے 123 ، عادل آباد 87 ء کریم نگر 4 ، کھمم 2 ، محبوب نگر 7 ، میدک 2 ، نظام آباد 67 اور رنگا ریڈی کے 8 عازمین شامل ہیں۔ کرناٹک میں بیدر سے 2 اور گلبرگہ کے 4 عازمین پہلے قافلے میں روانہ ہوں گے۔ کل 31 جولائی کو دوسرے قافلہ کے عازمین کی رپورٹنگ کا آغاز ہوگا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ عازمین کی روانگی کیلئے حج ہاؤز میں آر ٹی سی کی 8 خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ حج کیمپ کے علاوہ حج ٹرمنل شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر موثر انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کیلئے 40 موبائیل ٹائلیٹس کا انتظام کیا گیا ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے ریاستوں کی سطح پر قافلوں کی روانگی کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ یکم تا 8 اگست 14 قافلے تلنگانہ کے عازمین پر مشتمل ہوں گے۔ 15 اور 16 واں قافلہ کرناٹک کے عازمین کا ہوگا۔ 11 اگست سے 14 اگست تک آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ 25 ویں فلائیٹ جو 15 اگست کو روانہ ہوگی، تینوں ریاستوں کے عازمین پر مشتمل ہوگی۔