حج کرائے کا اعلان مایوس کن: حج سیوا سمیتی

نئی دہلی ۔ 28 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) حج سیسوا سمیتی نے سبسڈی ختم کرنے کے باوجود حج کرائے میں کمی کے سرکاری اعلان کوعازمین کے لئے ’’مایوس کن‘‘ بتایا ہے ۔سمیتی کے صدر حافظ نوشاد اعظمی نے یہاں جاری ایک ریلز میں دعویٰ کیا ہے معلنہ کرائے بازار ریٹ سے 40ہزار روپئے زیادہ ہیں۔ انہوں نے 2013-14 سے موازنے کو سیاسی بتاتے ہوئے کہا کہ کسی کسی امبارکیشن پوائنٹ سے تو یہ کرایہ 50ہزار روپے زیادہ ہے ۔نوشاد اعظمی نے جو خود بھی سنٹرل حج کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں کہا کہ عازمیں کے مفاد میں جی ایس ٹی کے محاذ پر فیصلے میں یہ خیال رکھنا چاہئے تھا سفر حج کا تعلق مذہبی ادائیگی سے ہے تجارت سے نہیں۔واضح رہے کہ کل اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے ترقی پسند اتحاد کی حکومت کے دور میں 2013-14 اور 2018کے ہوائی جہاز کے ذریعہ حج کرائے کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے بتایاتھا کہ شفاف نظام اور ہوا بازکمپنیوں کو ناجائز طریقے سے کرایہ بڑھانے سے روکنے کی سخت ہدایات کی بدولت حج سبسڈی ختم ہونے کے باوجود اس بار حج کیلئے ہوائی سفر کہیں نمایاں تو کہیں بہت ہی کم ہو گیا ہے ۔ حج سبسڈی کے تعلق سے انہوں نے کہا تھا کمیونٹی کے 90فیصد لوگ اسے ختم کرنے کے حق میں تھے بس چند لوگ سیاسی وجوہات سے اس کے خلاف شور مچا رہے تھے ۔ رہ گئی بات سہولتوں کی تو حکومت تمام بڑے مذہبی اجتماعات بشمول کمبھ اور حج کے شرکا کو دیگر لازمی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں جن میں سو سو بیڈ کے اسپتال، ایمبولنس ، ڈاکٹر ، نرس اور دوسرے طبی عملے کے ارکان شامل ہیں۔