حج سیزن 2017 کی تیاریوں کا آغاز ، فارمس کی پیر سے اجرائی

درخواست فون ایپ کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت ، مارچ میں قرعہ اندازی: ایس اے شکور
حیدرآباد۔ 29 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیراہتمام ’’حج سیزن 2017‘‘ کے شیڈول (پروگرام) کے ابتدائی مرحلے کا 2 جنوری 2017ء سے آغاز ہوگا اور ابتدائی مرحلے کے تحت جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ 2 جنوری 2017ء کو 11:30 بجے دن حج ہاؤز نامپلی روبرو باغ عامہ میں حج درخواست فارمس 2017ء کی رسم اجراء انجام دیں گے۔ آج یہاں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی آفس میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ حج سیزن 2016ء کا انتہائی بہتر انداز میں کامیاب انعقاد عمل میں آیا اور مرکزی حج کمیٹی نے تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات پر حیدرآباد EMBARCATION POINT کو  نمبر ون کا موقف دیا گیا۔ انہوں نے حج اُمور کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک مرکزی حج کمیٹی اُمور مرکزی وزارت خارجہ کی جانب سے انجام دیئے جاتے تھے لیکن گزشتہ چند ماہ قبل حج اُمور کی ذمہ داری وزارت خارجہ کے بجائے مرکزی وزارت اقلیتی بہبود کے ذمہ سونپ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج درخواست فارمس 2 تا 24 جنوری 2017ء تک حج کمیٹی آفس میں درخواست فارمس قبول کئے جائیں گے اور حج درخواست فارمس حج کمیٹی آفس سے حاصل کئے جاسکتے ہیں یا سیل فون ایپ (App.) کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ بھی کئے جاسکتے ہیں جبکہ حج کمیٹی آفس میں حج فارمس کی خانہ پُری کی سہولت والینٹرس کے ذریعہ فراہم کی جائے گی۔ درخواست فارمس کے ساتھ درخواست گزار اپنی شناخت کا ثبوت کسی ایک کارڈ وغیرہ کے ذریعہ پیش کرنا ہوگا اور درخواست فارم پیش کرتے وقت 300 روپئے مالیتی چالان اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا انڈین یونین بینک میں ادا کئے ہوئے ہوں، منسلک کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک حج درخواست فارم کور میں 5 افراد اور دو، دو سال عمر کے بچوں کے نام درج کئے جاسکتے ہیں۔ ڈاکٹر ایس اے شکور نے بتایا کہ عازمین حج کو تحفظات کے دو زمرہ میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں اے زمرہ کے تحت 70 سال عمر مکمل ہونے والے اپنے ایک خدمت گزار کے طور پر درخواست پیش کرسکتے ہیں  اور بی زمرہ کے تحت ایسے عازمین ہوں گے جوکہ گزشتہ تین مرتبہ درخواست پیش کرنے کے باوجود انہیں موقع فراہم نہ ہوا ہو۔ ان کی درخواست پر انہیں اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ان تمام کو اپنے اصلی پاسپورٹس کے ساتھ درخواست فارمس داخل کرنا ہوگا اور پاسپورٹ حج کی ادائیگی کے بعد ہی واپس کیا جائے گا۔ انہوں نے خواتین کے ساتھ محرم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ناگزیر وجوہات کی بناء محرم کو تبدیل کرنے کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔ خواہ محرم بیمار ہو یا انتقال کرگئے ہوں، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے مزید بتایا کہ پاسپورٹ کی میعاد 28 فروری 2018ء تک رہنا ہوگا۔ عازمین حج کی قرعہ اندازی یکم مارچ تا 8 مارچ 2017ء کے دوران کسی بھی وقت عمل میں لائی جائے گی۔ عازمین حج کے طیاروں کی روانگی کا آغاز 25 جولائی سے ہوگا اور 31 اگست کو وقوف عرفہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 2016ء میں جملہ 17,390 درخواستیں وصول ہوئیں تھیں جن کے منجملہ 2,532 کا کوٹہ تلنگانہ کیلئے الاٹ کیا گیا تھا ، لیکن بعدازاں زائد کوٹہ الاٹ ہونے پر اس کی تعداد 2,620 ہوگئی تھی۔ علاوہ ازیں حیدرآباد ایمبارکیشن پوائنٹ (حیدرآباد ایرپورٹ سے) سے حج 2016ء کیلئے تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے بعض اضلاع کے عازمین حج جملہ 4,900 عازمین حج کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے اس سال کیلئے ریاستی اساس پر حج کوٹہ الاٹ کرنے کی خواہش کی گئی۔ اس کے علاوہ 31 اضلاع کی حج کمیٹیوں کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا۔