حجامہ طریقہ علاج مفید ، خواتین کو استفادہ کا مشورہ

ادارہ سیاست اور ڈاکٹر یسریٰ ہیلت کیر سنٹر کا حجامہ کیمپ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی : ( راست ) : ممتاز لیڈی ڈاکٹر نجمہ صمد نے حجامہ طریقہ علاج کو انتہائی فائدہ مند اور مفید طریقہ علاج قرار دیا اور خواتین کو حجامہ کیمپ سے استفادہ حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹر نجمہ صمد ادارہ سیاست اور ڈاکٹر یسریٰ ہیلت کیر سنٹر کی جانب سے ایک روزہ حجامہ کیمپ برائے خواتین کا ملک پیٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ ابتداء میں ماہر حجامہ ڈاکٹر یسری فاطمہ نے تمام حجامہ ڈاکٹرز کا تعارف کروایا ۔ ڈاکٹر نجمہ صمد نے کہا کہ خواتین خاص طور پر زنانی امراض میں مبتلا اور موٹاپا ، تھائیرائیڈ کے علاوہ ْجوڑوں کے درد اور جن خواتین کو اولاد نہیں ہورہی ہے ان کے لیے بہترین طریقہ علاج قرار دیا ۔ ڈاکٹر نجمہ صمد نے ادارہ سیاست کی جانب سے چلائے جانے والے خواتین کے حجامہ کیمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کیمپ سے یونانی ڈاکٹرز خاص طور پر طالبات ہاوز سرجن اور پی جی طالبات کو بہت فائدہ ہورہا ہے ۔ اس کے علاوہ ادارہ سیاست کی جانب سے بمسیٹ کوچنگ ، یم ڈی انٹرنس ٹسٹ کوچنگ کے علاوہ یونانی کے میڈیکل کیمپ منعقد کرنے پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر اور جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر کی طبی خدمات پر زبردست خراج تحسین ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اس طرح خدمات کو جاری رکھیں گے ۔ اس حجامہ کیمپ میں ڈاکٹر اسریٰ ، ڈاکٹر ماحیرہ ، ڈاکٹر عمرہ ، ڈاکٹر رفعت ، ڈاکٹر عائشہ ، ڈاکٹر تسنیم نے 60 مریضوں کا معائنہ کیا اور حجامہ کے ذریعے ان کے تکالیف کو دور کیا ۔ اس کیمپ میں فردوس کوثر ، تسنیم فاطمہ ، نصرت فاطمہ نے معاونت کی ۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے آخر میں تمام سیاست کے ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں ۔۔