حاکم نہیں خادم آپ کے ووٹ کا حقدار

دونوں جماعتوںکا سبز رنگ ، با اختیار بننے عوام کے لیے بہترین موقع
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اپریل : رائے دہی کا دن آہی گیا ، عوام نے گذشتہ کئی روز سے مختلف جماعتوں کے سیاسی قائدین کی تقاریر سماعت کی ان کے پروگرامس اور ایجنڈوں کے بارے میں جانا ہر امیدوار اور ہر جماعت نے بلند بانگ دعوے کئے اور وعدے بھی کئے ۔ عوام کے مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ تعلیم و روزگار کا ہے خاص کر پرانا شہر حیدرآباد میں عوام چاہتی ہے کہ شہر کے چپہ چپہ میں تعلیمی اداروں کا جال پھیل جائے ۔ بچہ مزدوری کا خاتمہ ہو ، نوجوانوں کو روزگار ملے ، لڑکیوں کے لیے کالجس قائم کئے جائیں ، نوجوان نسل کو انفارمیشن ٹکنالوجی کی مفت تربیت کے لیے کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹس قائم کئے جائیں ۔ جھوٹے الزامات میں پولیس کسی بے قصور نوجوان کو گرفتار نہ کرسکے ۔ ان حالات میں رائے دہی کا دن ہم سب کے لیے ایک اچھے دیانت دار عوامی ہمدرد اور شخصی مفادات پر ملی مفادات کو ترجیح دینے والے امیدواروں کو منتخب کرنے کا بہترین موقع ہے ۔ اکثر لوگوں کا یہی کہنا ہے کہ جن علاقوں میں سخت مقابلہ درپیش ہے وہاں دونوں جماعتیں سبز رنگ کے پرچم رکھتی ہیں ایسے میں ایسے امیدواروں کو منتخب کرنے کا موقع مل رہا ہے جو عوام کو حکم دینے والا نہیں بلکہ ملت کا خادم ہوں ۔ شہر میں چھوٹا ووٹ اور بڑے ووٹ کی باتیں بھی ہورہی ہیں ۔ چھوٹے ووٹ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ ایم ایل اے کے لیے اور بڑے ووٹ سے متعلق کہنا ہے کہ یہ ایم پی کے لیے ہے ۔ بہر حال کچھ بھی رائے دہی دراصل عوام کی طاقت ان کے اختیارات کا دن ہے ۔ یہ ایسا دن ہے جہاں سب کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا کیوں کہ یہ ایسا فیصلہ ہے جس کے اثرات آئندہ پانچ برسوں تک مرتب ہوتے رہیں گے ۔ اگر آپ دیانتدار امانت دار عوامی خدمت گذار اور جذبہ ملی سے سرشار امیدواروں کو منتخب کرتے ہیں تو یہ ملت کی کامیابی ہوگی ۔ معاشرہ کی کامیابی ہوگی ۔ ووٹ چونکہ ایک امانت ہے اس لیے اس کا استعمال صحیح اندازہ میں ہو تو یہ قوم و ملت کے لیے ایک صحت مند تبدیلی کا باعث بنے گا ۔ ویسے بھی آپ کے ووٹ کا حقدار وہی ہے جو آپ کی تکلیف کو اپنی تکلیف آپ کے درد کو اپنا درد سمجھے اور شہر میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کردے ۔ ایک ایسا معاشی انقلاب برپا کردے جس کے نتیجہ میں کوئی نوجوان بیروزگار نہ رہے ۔ بہر حال اپنے ووٹ کا بہت ہی سوچ سمجھ کر اور دانشمندی سے استعمال کیجئے ۔ کیوں کہ ووٹ آپ کے ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔۔