حامد میر نے ہمیشہ ہم وطنوں کیلئے جدوجہد کی : بیٹی عائشہ

کراچی، 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حامد میر کی بیٹی عائشہ میر کا کہنا ہے کہ ان کے والد ہمیشہ پاکستانیوں کیلئے لڑتے رہے ہیں ،سوشل میڈیا پر بعض الزامات سے انہیں وہی تکلیف ہوئی جو ان کے والد کو گولیاں لگنے کے بعد ہوئی ہوگی۔ عائشہ نے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ انہیں ہمیشہ سے معجزوں پر یقین رہا لیکن ذاتی طور پر اتنا بڑا کرشمہ دیکھنے کا کبھی تجربہ نہیں ہوا، جس کی وجہ سے اُن کے والد 6گولیاں لگنے کے بعد بھی بچ گئے۔عائشہ کہتی ہیں کہ انہیں زبردست صدمہ ہوا، لیکن انہیں یقین تھا کہ ان کے والد حامد میر انہیں چھوڑ کر نہیں جائیں گے،انہیں اللہ پر مکمل بھروسہ ہے اور وہ جانتی ہیں کہ ان کی برسوں کی جدوجہد کا نتیجہ اتنا خراب نہیں ہوگا۔

عائشہ میر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کچھ الزامات سے انہیں وہی تکلیف ہوئی ہے جو ان کے والد حامد میر کو گولیاں لگنے کے بعد ہوئی ہوگی۔ عائشہ نے کہا کہ بحیثیت صحافی اُن کے والد پاکستانیوں کے بہتر مستقبل اور ترقی کیلئے لڑتے رہیں گے، یہ ممکن ہے کہ بہت سے اہم مسائل پر لوگ ان کے موقف سے اتفاق نہ کریں لیکن وطن کی خاطر یہ بات سمجھنا ہوگی کہ تشدد کسی بات کا جواب نہیں ہے، قلم اور آزادی اظہار خیال کیلئے اُن کے والد حامد میر کی محنت ان میں اور دیگر پاکستانی نوجوانوں میں اس وقت تک لڑنے کی طاقت پیدا کرنے کیلئے کافی ہے جب تک پاکستان جمہوریت اورقانون کی بالادستی کے ذریعے اپنی خوشیاں دوبارہ حاصل نہ کرلے۔ عائشہ نے حامد میر کیلئے کی جانے والی دعاؤں پر اُن کے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔