حافظ سعید کی گرفتاری پر عدالتی امتناع

لاہور۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی عدالت نے مرکزی اور پاکستانی پنجاب کی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ حافظ سعید کو گرفتار نہ کرے اور نہ انہیں ان کی قیام گاہ پر نظربند کیا جائے۔ 23 جنوری کو حافظ سعید نے عدالت سے رجوع ہوکر امکانی گرفتاری یا قیام گاہ پر نظربندی کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی اور انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان کی مرکزی حکومت یا پاکستانی پنجاب کی ریاستی حکومت ، ہندوستان اور امریکہ کے دباؤ کے تحت یہ اقدام کرسکتی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جج امین الدین خان نے حافظ سعید کی درخواست کی سماعت کے بعد مرکزی اور پاکستانی پنجاب کی ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی کہ تاحکم ثانی حافظ سعید کو گرفتار یا قیام گاہ پر نظربند نہ کیا جائے۔ امریکہ کے محکمہ فینانس نے حافظ سعید کو مسلمہ عالمی دہشت گرد قرار دیا ہے۔ امریکہ میں حافظ سعید کے سر پر پہلے ہی سے 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعام کا اعلان کیا جاچکا ہے۔