حافظ سعید کیخلاف کارروائی کیلئے کوئی ٹھوس ثبوت نہیں: عباسی

اسلام آباد، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ کہہ کر جماعۃ الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف کسی طرح کی کارروائی کو خارج کردیا کہ پاکستان میں ان کے خلاف کوئی معاملہ درج نہیں ہے ۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے جیو ٹی وی کے ایک پروگرام میں حافظ سعید کو نہ صرف بے قصور بتایا کہ بلکہ ان کا نام بھی کا فی عزت سے لیا ۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سعید صاحب کے خلاف پاکستان میں کوئی معاملہ درج نہیں ہے اور اس وجہ سے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی ہے۔ عباسی نے حافظ سعید کے خلاف کارروائی کرنے کی بابت پوچھے گئے سوال پر کہاکہ کارروائی تو اس شخص پر کی جا سکتی ہے جس کے خلاف کوئی مقدمہ درج ہو۔ انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کے بیان پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں ہندوستان کے ساتھ جنگ کے خدشہ سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کہتا آیا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ مسٹر عباسی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گوادر بندرگاہ کو جو چین-پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پی ای سی) کا نقطہ آغاز ہے ، تجارتی مقاصد کے لئے استعمال میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہندوستان کروڑوں ڈالر کے اس منصوبے کے خلاف پروپیگنڈہ کررہا ہے۔ افغانستان کے مسئلے پر ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اپنے مسائل خود حل کرنے ہوں گے ، پاکستان اس میں صرف سہولتیں فراہم کرسکتا ہے ۔ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان از خود یہ کام کرے ، باہر سے کوئی بھی اس کے مسائل حل کرنے کے لئے نہیں آئے گا۔