حافظ سعید کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی : پاکستانی وزیر

لاہور۔ یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ایک سینئر وزیر نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ممبئی حملوں کے کلیدی ملزم کے خلاف کس معاملہ میں ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ وفاقی کامرس منسٹر خرم دستگیر نے کہا کہ حافظ سعید کے خلاف تمام اداروں کو اعتماد میں لیتے ہوئے کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال حکومت نے انہیں مکان میں نظربند کر رکھا ہے، تاہم ان کے خلاف ایف آئی آر ضرور درج کی جائے گی۔ جب دستگیر سے یہ پوچھا گیا کہ حافظ سعید کے خلاف آخر کس معاملہ میں ایف آئی آر درج کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں اس کا پتہ چل جائے گا۔ صوبہ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے دریں اثناء بتایا کہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت سے وابستہ مزید کارکنوں کی آنے والے ایام میں گرفتاری عمل میں آئے گی۔