ج2 جون کو جشن قیام تلنگانہ منانے کا فیصلہ

سونیا گاندھی سے اظہار تشکر، عادل آباد کے کانگریس قائدین کا بیان
عادل آباد /31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علحدہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں لانے والی شریمتی سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے ضلع عادل آباد کے ہر چھوٹے بڑے مقام پر محترمہ سونیا گاندھی کی قدآدم تصویر لگاتے ہوئے ’’جشن قیام تلنگانہ‘‘ منانے کانگریس قائدین نے فیصلہ کیا اور ٹی آر ایس حکومت کے ایک سالہ دور حکومت کو عوام کے لئے مایوس کن قرار دیتے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر سخت تنقید کی۔ سابق ریاستی وزیر سی رام چندر ریڈی، کارگزار ضلع پارٹی صدر نریش جادو اور ٹاؤن کمیٹی صدر ساجد خان نے میڈیا کو بتایا کہ پارٹی کی جانب سے بڑے پیمانے پر 2 جون کو ’’جشن تلنگانہ‘‘ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر انھوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران 46 وعدے کرتے ہوئے عوام کو فائدہ پہنچانے کا کے چندر شیکھر راؤ نے تیقن دیا تھا، جب کہ دلت طبقہ کا چیف منسٹر بنانے، دلت طبقہ کو تین ایکڑ اراضی فراہم کرنے، تین لاکھ روپیوں کے صرفہ سے رہائشی مکانات کی فراہمی، قبائل طبقہ اور اقلیتوں کے لئے تحفظات، کسانوں کے لئے مفت برقی سربراہی اور وظائف کی اجرائی وغیرہ کے وعدے کئے گئے تھے۔ انھوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے چیف منسٹر کے سی آر کو انتہا پسند قرار دیا اور ارکان قانون ساز کونسل کے انتخابات میں ناکامی پر ریاستی اسمبلی کو تحلیل کرنے کے بیان پر سخت تنقید کی۔ انھوں نے عثمانیہ یونیورسٹی کی اراضی کی تقسیم کے مسئلہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ڈکٹیٹر بنے ہوئے ہیں اور گریٹر حیدرآباد کے انتخابات کے پیش نظر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔