جی ایچ ایم سی کے سوئمنگ پولس کی 3 مارچ سے کشادگی

حیدرآباد۔27فروری (سیاست نیوز) شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائے جانے والے سوئمنگ پول 3مارچ سے کھول دئے جائیں گے۔ سوئمنگ پولس کو موسم گرما کے آغاز سے ہی کھول دیا جاتا ہے ۔ ان سوئمنگ پولس کی کشادگی کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی نے احکامات جاری کردیئے ہیں اور تیراکی کے خواہش مندوں سے داخلہ کیلئے درخواستوں کی طلبی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ کمشنر مجلس بلدیہ کے احکامات کے مطابق عنبر پیٹ سوئمنگ پول ‘ امیر پیٹ ‘ چندو لعل بارہ دری‘ صنعت نگر ‘ سکندرآباد‘ وجئے نگر کالونی اور مغلپورہ سوئمنگ پولس کو 3 مارچ سے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ یہاں تیراکی کیلئے آن لائن رجسٹریشن رکھا گیا ہے تاکہ شہریو ںکو سہولت حاصل ہو سکے۔ تیراکی سیکھنے اور تیراکی کے خواہش مند جی ایچ ایم سی ویب سائٹ پر نام رجسٹر کرواسکتے ہیں۔ www.ghmc.gov.in/sports پر رجسٹر کرواتے ہوئے سوئمنگ پول میں موسم گرما میں داخلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔بتایاجاتاہے مجلس بلدیہ نے شہر کے نوجوانوں اور بچوں کیلئے گرمائی تعطیلات کے دوران کھیلوں کے خصوصی مقابلوں کا بھی منصوبہ تیار کیا ہے اور اس کو عملی جامہ پہنانے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ عہدیداروں کے مطابق موسم گرما کے دوران طلبہ و طالبات کیلئے سوئمنگ کے علاوہ دیگر انڈور کھیلوں کے انعقاد کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ طلبہ کو حفاظت خوداختیاری کے علاوہ دیگر جسمانی ورزش کے کھیلوں کی تربیت کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ تمام اسپورٹس کامپلکس میں بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کی تربیت و انعقاد کے علاوہ گرمائی تعطیلات کے اختتام پر مقابلہ جات منعقد کئے جانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔مختلف زمروں میں یہ مقابلہ جات منعقد کئے جائیں گے۔