جی ایچ ایم سی پر قبضہ جمانے ٹی آر ایس کی حکمت عملی

قطب اللہ پور کے تلگودیشم و وائی ایس آر سی پی قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس بہتر مظاہرہ کیلئے ابھی سے تیاریوں کا آغاز کرچکی ہیں۔ مختلف اپوزیشن جماعتوں سے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ حلقہ اسمبلی قطب اللہ پور سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین نے آج وزیر آئی ٹی تارک راما راؤ سے ملاقات کی اور ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کیا۔ کے ٹی آر نے اس موقع پر کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن پر ٹی آر ایس کا پرچم لہرائے گا اور ورنگل لوک سبھا حلقہ میں جس طرح پارٹی نے شاندار کامیابی حاصل کی ، اسی طرح گریٹر میں بھی کامیابی حاصل ہوگی۔ کے ٹی آر نے گریٹر حیدرآباد انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم اور حکمت عملی کی تیاری کی ذمہ داری لی ہے۔ وہ شہر سے تعلق رکھنے والے وزراء ، عوامی نمائندوں اور پارٹی قائدین کے ساتھ مشاورت کے ذریعہ انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دیں گے۔ اسی دوران شہر میں تلگو دیشم ، بی جے پی ، کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس سے تعلق رکھنے والے قائدین کو پارٹی میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگو دیشم کے بعض ارکان اسمبلی ٹی آر ایس قیادت سے ربط میں ہیں ، اس کے علاوہ گریٹر سے تعلق رکھنے والے کانگریس کے بعض سرکردہ قائدین نے بھی انتخابات سے قبل ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گریٹر انتخابات کو وقار کا مسئلہ بنالیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی صورت میں پارٹی دارالحکومت نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے انتخابی مہم کی کمان کے ٹی آر کو سونپ دی ہے۔ ورنگل لوک سبھا حلقہ کی انتخابی مہم کی ذمہ داری بھی کے ٹی آر کو دی گئی تھی۔ کے ٹی راما راؤ بہت جلد سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دیں گے ۔ تمام بلدی ڈیویژنس کیلئے انچارج اور کوآرڈنیٹرس کا تقرر کیا جائے گا جو متعلقہ ڈیویژن میں مضبوط اور موزوں امیدوار کے ناموں سے ہائی کمان کو واقف کرائیں گے۔ کوآرڈنیٹرس کی رپورٹ کی بنیاد پر پارٹی امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس کے صدر ایم ہنمنت راؤ نے دعویٰ کیا کہ انتخابات سے عین قبل دیگر جماعتوں کے کئی اہم قائدین ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کسی بھی جماعت سے مفاہمت کے بغیر تنہا انتخابات میں حصہ لے گی ۔ چیف منسٹر نے 80 بلدی حلقوں میں کامیابی کا نشانہ مقرر کیا ہے اور شہر سے تعلق رکھنے والے چار وزراء کے علاوہ دیگر وزراء کو بھی انتخابی مہم کی ذمہ داری دی جائے گی ۔ گریٹر حیدرآباد کے پارٹی قائدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوام سے مسلسل ربط میں رہیں اور حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کی بہتر تشریح کے ذریعہ عملاً انتخابی مہم کا آغاز کردیں۔