جی ایچ ایم سی صفائی عملہ کیلئے نصب بائیو میٹرک سسٹم کو نقصان

طریقہ کار کے آغاز کے دو ماہ ہی میں مشین کو نقصان پہونچانے کی کوشش ۔ ملازم پر جرمانہ
حیدرآباد۔28فروری(سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی کے صفائی عملہ کی حاضری کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بائیو میٹرک سسٹم روشناس کروائے جانے کے اندرون دو ماہ مشین کی کارکردگی کو متاثرکرتے ہوئے مشین کو نقصان پہنچانے کا واقعہ پیش آیا ۔ بائیو میٹرک نظام حاضری روشناس کروائے جانے کے بعد سے ہی کام چور اور ڈیوٹی پر حاضر ہوئے بغیر دستخط کرنے والے عملہ میں بے چینی تھی لیکن آج ارپولہ ناگیش نامی صفائی کرمچاری نے بائیو میٹرک مشین کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس پر بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ملازم پر 2000روپئے جرمانہ عائد کیا اور مشین کی مرمت کی رقم وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ حاضری مشین کی تنصیب کے بعد تمام عملہ کی وقت پر حاضری ناگزیر ہوچکی ہے اور اس عمل کی عادت نہ ہونے کے سبب صفائی عملہ میں عہدیداروں کے خلاف ناراضگی پائی جا رہی ہے اور اس ناراضگی کے سبب وہ بائیومیٹرک مشینوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں اس بات کی شکایات موصول ہونے کے بعد عہدیداروں نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے عملہ پر نظر رکھنی شروع کردی تھی اور گذشتہ یوم بائیو میٹرک مشین میں پانی ڈالتے ہوئے اسے غیر کارکرد بنانے کی کوشش کرنے والے ملازم پر آج 2000روپئے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر آئندہ اس قسم کی حرکت کی جاتی ہے تو ان ملازمین پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بلدی حدود میں بائیومیٹرک نظام حاضری متعارف کروائے جانے کے بعد سے یہ پہلا واقعہ ہے اور اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو اس کیلئے سخت کاروائی کی جا رہی ہے ۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ صفائی عملہ کی جانب سے خدمات سے غفلت کی شکایات پر نہ صرف ملازمین بلکہ کنٹراکٹرس کے خلاف بھی سخت کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور عارضی ملازمین کو فی الفور معطل کرنے کی گنجائش بھی موجود ہے اسی لئے ملازمین کو چاہئے کہ وہ اپنی خدمات کے متعلق سنجیدگی اختیار کریں اور ایسی کوئی حرکت نہ کریں جس کے سبب انہیں تادیبی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے۔