جی ایچ ایم سی شہری ترقی کو درپیش مسائل سے بہتر طریقہ سے نمٹے گی

اربن فینانس پر ورکشاپ ، ریاستی وزیر فینانس ای راجندر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس و پلاننگ حکومت تلنگانہ ایٹالہ راجندر نے اس بات کی امید جتائی کہ مرکز اور جی ایچ ایم سی شہری ترقی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مناسب حکمت عملی اختیار کریں گے ۔ میٹرو پولس ورلڈ کانگریس کے حصہ کے طور پر شہری فینانس پر منعقدہ ایک ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ میٹرو پولس کانفرنس سے قبل اس طرح کے ورکشاپس سے بڑی مدد حاصل ہوگی اور ورکشاپس سے شہری مقامی مجالس اداروں اور مجلس بلدیہ کو فنڈس کے حصول میں مدد اور مواقع حاصل ہوتے ہیں ۔ انہوں نے امید جتائی کہ ورکشاپس شرکاء کے لیے مددگار ثابت ہوں گے ۔ بابو اے اسپیشل کمشنر جی ایچ ایم سی نے میٹرو پولس کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کے تعلق سے زبردست جذبہ پایا جاتا ہے جب کہ ساڑھے تین سو سے زائد مندوبین کی 49 ممالک کے 90 شہروں سے شرکت متوقع ہے ۔ ڈاکٹر پی کے موہنتی سابق چیف سکریٹری نے ہندوستان میں شہری عوامی فینانس کو درپیش چیلنجس پر روشنی ڈالی ۔ پروفیسر وی سرینواس چاری نے انفراسٹرکچر ترقی پر خطاب کیا ۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی ، ایس کے جوشی ، پرنسپال سکریٹری کے راما کرشنا راؤ ، ڈاکٹر بی گنگیا بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ شہر میں میٹرو پولس کانفرنس کا 5 اکٹوبر کو اہتمام عمل میں آرہا ہے ۔۔