جی ایچ ایم سی حدود میں سلار کی کھدائی پر امتناع

موسم بارش میں حفاظتی اقدامات ‘ سٹی پلاننگ آفیسر دیویندر ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 مئی ( سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی نے سلار کی کھدائی پر امتناع عائد کردیا ہے اور یہ امتناع 10مئی تا ماہ ستمبر کے اختتام تک جاری رہے گا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ موسم باراں میں سلار کی کھدائی کے دوران سابق میں مٹی کے تودے گرنے اور ان حادثات میں مزدوروں کی اموات واقع ہونے کی وجہ سے امسال حفظ ماتقدم کے پیش نظر موسم باراں میں سلار کی کھدائی پر امتناع عائد کردیا گیا ہے اور عنقریب امتناعی احکامات کی کاپیاں تعمیری اجازت حاصل کئے ہوئے مالکین اور اداروں کے حوالہ کی جائیں گی ۔ شہر میں اکثر سلار کی کھدائی کے کام چلتے رہتے ہیں اور تعمیری معاملات میں اصول وضوابط کی خلاف ورزی عام ہوگئی ہے ۔ اس کے بجائے یہ کام ورک کنٹراکٹرس کی نگرانی میں انجام دیئے جارہے ہیں ۔ مزید مصیبت یہ ہیکہ سلار کی کھدائی کرنے والے مزدوروں کو کام کے دوران مناسب تحفظ بھی فراہم نہیں کیا جاتا ہے اور مقامی طور پر اس معاملہ میںعہدیدارلاپرواہی کا شکار ہورہے ہیں اور دو برس سے سلار کی کھدائی کے دوران پیش آنے والے حادثات اس جانب اشارہ کررہے ہیں جبکہ جتنے بھی حادثات ہوتے ہیں وہ سرکاری اراضیات یا تالابوں کے قریب پیش آتے ہیں ۔ سٹی پلاننگ آفیسر دیویندر ریڈی نے بتایا کہ اسی وجہ سے سلار کی کھدائی پر موسم باراں میں امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بلدیہ کیتمام سرکل دفاتر کو اس بات کے احکام جاری کئے گئے ہیں کہ اپنے اپنے احاطوں میں باقاعدہ غیرقانونی کھدائیوں پر کڑی نظر رکھیں‘ تاکہ جو سلار کھودے گئے ہیں وہاں تحفظ سے متعلق تمام اقدامات کرنا مالکین پرلازمی ہوگا اور نالوں کے پاس کھدائی کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ کھودے گئے گڑھوں میں پانی نہ رکھے کیونکہ ان گڑھوں کے اطراف موجود عمارتیں گرنے کے شدید اندیشے ہیں ‘ لہذا ان گڑھوں سے فوری پانی خالی کرنے کے انتظامات کئے جائیں ۔