جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے پریسائیڈنگ آفیسرس کو تربیت

حیدرآباد کے عہدیداروں کو رنگاریڈی و میدک میں متعین کرنے پر غور
حیدرآباد 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے مجوزہ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں پریسائیڈنگ آفیسرس اور اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس کے علاوہ انتخابی عملہ کی تربیت کا آغاز ہوچکا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ رنگاریڈی اور میدک کے کچھ حصوں میں منعقد ہورہے بلدی انتخابات کی عملی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں جن میں سب سے اہم مرحلہ پریسائیڈنگ آفیسرس اور اسسٹنٹ پریسائیڈنگ آفیسرس کی تربیت کا ہوتا ہے جس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ آج راجندر نگر میں منعقدہ تربیتی پروگرام کے دوران پریسائیڈنگ آفیسرس اور اُن کے معاونین کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال کے علاوہ انتخابی قوانین و ضوابط کے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے سرکاری عملہ کو رنگاریڈی اور میدک کے علاقوں میں متعین کیا جائے گا جبکہ میدک، رنگاریڈی اور محبوب نگر کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے انتخابی عملہ کو شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر مراکز رائے دہی کی نگرانی کے لئے متعین کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے اس بات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے کہ عملہ کو اُن کے اپنے علاقہ میں کسی بھی صورت میں تعینات نہ کیا جائے چونکہ نہ صرف وہ اثرانداز ہوسکتے ہیں بلکہ اُن پر بااثر لوگ اپنے رسوخ کے استعمال کی کوشش کرسکتے ہیں۔ انتخابی عملہ کو تربیت کے دوران اُن کے دائرہ کار، قوانین اور اختیارات سے واقف کرواتے ہوئے ضرورت پڑنے پر سکیوریٹی عملہ کو ہدایات کی اجرائی کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ آج جس انتخابی عملہ کی تربیت شروع کی گئی ہے اُن کے لئے دوسرے مرحلہ کی تربیت 7 جنوری کو منعقد ہوگی۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے بیشتر سرکاری ملازمین جوکہ انتخابی عملہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے ہیں اُنھیں راجندر نگر، کاپرا کے علاوہ قطب اللہ پور جیسے علاقوں میں متعین کئے جانے کا امکان ہے تاکہ صاف و شفاف طریقہ سے رائے دہی کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد جوکہ بلدی انتخابات کی اتھاریٹی ہے کی جانب سے انتخابی عملہ کی تربیت کا خصوصی انتظام سینئر عہدیداروں کی نگرانی میں کیا جارہا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی ڈیوٹی کے لئے طلب کردہ عملہ کو واضح طور پر یہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ انتخابی عمل سے خود کو دور رکھنے کی کوشش نہ کریں اور بغیر اطلاع کے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کا بھی انتباہ دیا گیا ہے۔