جی ایچ ایم سی انتخابات : انتخابی مہم آج 5 بجے شام ختم ہوجائیگی

حیدرآباد 30 جنوری ( این ایس ایس ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے انتخابی مہم کل 31 جنوری اتوار کی شام 5 بجے اختتام کو پہونچ جائیگی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی مہم کے ختم ہونے کے بعد قوانین کی کسی بھی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائیگی ۔ یا جرمانہ کیا جاسکتا ہے یا دو سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔ کمیشن نے واضح کیا کہ اتوار کی شام پانچ بجے کے بعد سیاسی جماعتوں کی جانب سے ٹی وی چینلوں یا الیکٹرانک میڈیا سے بھی کسی طرح کی تشہیر یا پروپگنڈہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ ایک اعلامیہ میں کمیشن نے کہا کہ 2  فبروری کی شام پانچ بجے پولنگ کے خاتمہ تک انتخابی مہم پر مکمل امتناع رہے گا ۔ 2 فبروری کو جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے رائے دہی ہونے والی ہے ۔ انتخابی مہم دو دن قبل ختم ہوتی ہے ۔ اس دوران جلسے ‘ جلوسوں یا تشہیر و انتخابی مہم کے دوسرے طریقوں پر پابندی ہوتی ہے ۔ موبائیل فون یا ریڈیو یا پھر ایس ایم ایس کے ذریعہ بھی تشہیر نہیں کی جاسکتی ۔ الیکشن کمیشن کے سکریٹری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں ‘ انتخابی مہم کے ذمہ داروں اور برقی ذرائع ابلاغ کے ذمہ داروں کو چاہئے کہ وہ تمام قوانین اور الیکشن کمیشن کی ہدایات کی پابندی کریں۔