جی ایس ٹی کے خلاف کانگریس ایم پی پارلیمنٹ ہاوز پر دھرنا

نئی دہلی 30 جون ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ نے ‘ جن کا تلنگانہ سے تعلق ہے ‘ آج جی ایس ٹی کے ٹیکسٹائیل صنعت میں نفاذ کے خلاف یہاں پارلیمنٹ کامپلکس میں مجسمہ گاندھی کے باہر دھرنا منظم کیا ۔ یہ احتجاج انہوں نے جی ایس ٹی کے نفاذ کے سلسلہ میں منعقد ہوئی نصف شب کی تقریب سے کچھ ہی دیر قبل کیا ۔ تلنگانہ کے رکن راجیہ سبھا آنند بھاسکر نے الزام عائد کیا کہ جی ایس ٹی کے نتیجہ میں ٹیکسٹائیل شعبہ تباہ ہوجائیگا جس کے نتیجہ میں اس صنعت میں بھی ورکرس خود کشی کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ وہ بھی بافندہ برادری سے تعلق رکھتے ہیں اس لئے یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیکسٹائیل شعبہ کے مسائل کو اجاگر کریں۔ جی ایس ٹی سے ہینڈ لوم تباہ ہوکر رہ جائیں گے ۔