جی ایس ٹی کلکشن ایک لاکھ کروڑ کے پار

نئی دہلی ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) رواں مالی سال کے پہلے مہینے اپریل میں مجموعی جی ایس ٹی کلیکشن پہلی بار ایک لاکھ کروڑ روپے کے پار 1،03،458 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے ۔ سرکاری معلومات کے مطابق اس میں سی جی ایس ٹی 18.652 کروڑ روپے ، ایس جی ایس ٹی 25،704 کروڑ روپے ، آئی جی ایس ٹی 50،548 کروڑ روپے جمع ہوئے ہیں ، جس میں درآمدات پر ٹیکس 21،246 کروڑ روپے بھی شامل ہیں اور اضافی محصول 8،554 کروڑ روپے ہے ۔ اس میں درآمد ات پر محصول کا 702 کروڑ روپے شامل ہیں۔ گزشتہ سال جولائی سے لاگو جی ایس ٹی سسٹم کے اس سال اپریل میں جمع ٹیکس کی رقم اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔مارچ ماہ کیلئے30اپریل تک 60.47 لاکھ جی ایس ٹی آر تھری بی ریٹرن داخل کئے گئے ، جبکہ جی ایس ٹی ریٹرن بھرنے کے لئے کل جی ایس ٹی ٹیکس دہندگان میں سے 87.12 لاکھ اہل تھے ۔ اپریل مہینے میں کمپوزیشن ڈیلروں کو بھی سہ ماہی ریٹرن بھرنا ہوتا ہے ۔ اب 19.31 لاکھ کمپوزیشن ڈیلر ہیں جن میں سے 11.47 لاکھ نے سہ ماہی ریٹرن جی ایس ٹی آر 4 داخل کیا ہے اور کل 579 کروڑ روپے کا ٹیکس جمع کرایا ہے ۔