جی ایس ٹی سے ریاستوں کے مفادات متاثر

گاؤ دہشت گردوں پر مودی کا بیان نا کافی ۔ سدھاکر ریڈی
حیدرآباد 30 جون ( پی ٹی آئی ) سی پی آئی کا کہنا ہے کہ نئے جی ایس ٹی قانون کی وجہ سے ریاستوں کے مفادات متاثر ہوتے ہیں۔ پارٹی نے آج نصف شب کو منعقدہ جی ایس ٹی کے نفاذ سے متعلق تقریب کا کانگریس کے ساتھ بائیکاٹ کیا ہے ۔ سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں نصف شب کی یہ تقریب ضروری نہیں تھی کیونکہ اس قانون کی وجہ سے ریاستوں کے مفادات متاثر ہوتے ہیں اور مالیہ وسائل مرکز کے ہاتھ میں چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ سی پی آئی نے جی ایس ٹی کی اصولی طو رپر تائید کی ہے لیکن وہ جی ایس ٹی کے خلاف مختلف شعبہ جات کی جانب سے ظاہر کردہ تشویش کو بھی درست سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف طبقات کے خیالات کو پیش نظر رکھے بغیر جی ایس ٹی پر عمل آوری کی جا رہی ہے ۔ کئی گوشوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ ایک ہی شرح ٹیکس غیر سائٹنفک ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سلیب سسٹم کا از سر نو جائزہ لے اور عوام کے بڑے طبقات کو اس سے ہونے والی مشکلات کو کم کرنے پر توجہ دے ۔ گاؤ دہشت گردی کے خلاف وزیر اعظم نریندر مودی کے ریمارکس کے تعلق سے انہوں نے کہا یہ ریمارکس بہت تاخیر سے کئے گئے ہیں اور صرف تبصرہ کافی نہیں ہے۔ انہوں نے ادعا کیا کہ گاؤ تحفظ کے نام پر سنگھ پریوار کے کارکن دہشت گردی میں ملوث ہور ہے ہیں۔ ان دہشت گردوں پر کنٹرول کرنے کیلئے نریندر مودی کو کارروائی کرنے پر توجہ دینا چاہئے ۔