جی ایس ٹی ریٹرنس داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع

نئی دہلی ۔30اکٹوبر۔( سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے GSTR-2 ریٹرنس جس کے ذریعہ جی ایس ٹی کے تحت ٹیکس کریڈٹ کا دعویٰ کیا جاتا ہے ماہ جولائی کیلئے اندراج کی آخری تاریخ میں 30 نومبر تک توسیع کی ہے ۔ پہلے یہ تاریخ 31 اکتوبر تھی ۔ اسی طرح جولائی 2017 کیلئےGSTR-3 ریٹرنس داخل کرنے کی آخری تاریخ میں بھی 11 ڈسمبر تک توسیع کی گئی ہے ۔ پہلے 10 نومبر آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی ۔ وزارت فینانس نے بتایا کہ بہت جلد اس تعلق سے اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ ملک کے تقریباً 30.81 لاکھ ٹیکس دہندگان کو ماہ جولائی کیلئے GSTR-2 داخل کرنے کی سہولت کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت نے نئے جی ایس ٹی نظام کے تحت تاجرین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے جواقدامات شروع کئے ہیں یہ بھی اس کاایک حصہ ہے ۔ گزشتہ ہفتہ ماہ اگسٹ اور ستمبر کیلئے ریٹرنس داخل کرنے پر دیرینہ فیس برخواست کردی گئی تھی کیونکہ ریٹرنس داخل کرنے کے اس عمل میں ٹیکس دہندگان کو مشکلات کا سامنا تھا ۔