جی ایس ٹی بل پر کانگریس کمیٹی کی کل میٹنگ

قانون سازی کا سونیا گاندھی کی قیادت میں تجزیہ ہوگا :کھرگے
کلبرگی (کرناٹک) 30جولائی(یواین آئی)لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملک ارجن کھرگے نے کہا ہے کہ جی ایس ٹی بل کے تجزیہ کیلئے سونیا گاندھی کی قیادت میں تشکیل دی گئی ایک ٹیم کی میٹنگ یکم اگست کو منعقد ہوگی جس میں جی ایس ٹی بل اور دیگر قانون سازی کے مسئلہ کا تجزیہ کیا جائے گا ۔ انہو ں نے کرناٹک کے کلبرگی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ میں جی ایس ٹی بل کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل پر بھی بات چیت کی جائے گی ۔ انہو ں نے کہا کہ 2اگست کو راجیہ سبھا میں اس بل کو لائے جانے کا امکان ہے ۔ کھرگے نے تور دال کی قیمت میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دال کی قیمت 50روپئے سے 200روپئے ہوگئی ۔ افراط زر کو روکنے کے معاملہ میں حکومت ناکام ہوگئی ۔ آر بی آئی کے گورنر نے افراط زر پر قابو پانے کی کوشش کی تھی ان کی مساعی کو ناکام بنانے اور ان کو ہٹانے کی کوشش کی گئی ۔ وزیر اعظم دل سے نہیں چاہتے کہ ملک میں امن ہو اور لوگ سکون سے رہیں ۔ یہ حکومت کارپوریٹ حکومت ہے اور غریبوں کی طرف اس کی توجہ کم ہے ۔