جی ایس ٹی اور نوٹ بندی کے دو میزائیلس

مودی نے ملک کی معیشت تباہ کردی : راہول گاندھی
نئی دہلی ۔30اکٹوبر۔( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے دو میزائیلس داغتے ہوئے معیشت کو تباہ کردینے کا الزام عائد کیا ۔ انھوں نے کہاکہ حکومت کے ان اقدامات سے عوام کو ہونیوالی تکلیف کو وزیراعظم سمجھ نہیں پارہے ہیں۔ نریندر مودی نے گزشتہ سال 8 نومبر کو نوٹ بندی کا اعلان کیا تھا اور آئندہ ماہ ایک سال پورے ہونے پر کانگریس نے اسے یوم سیاہ کے طورپر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس دن ’’بھگت رہا ہے دیش ‘‘ کے نعرے کے ساتھ احتجاجی ریلیاں منظم کی جائیں گی۔ راہول گاندھی نے کہاکہ 8نومبر ملک کا یوم رنج و غم ہے ۔ اُس دن ملک بھر میں موم بتی کے ساتھ احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور اُن افراد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے گا جو نوٹ بندی کی وجہ سے اپنی زندگی یا پھر اپنی گذر بسر سے محروم ہوگئے ۔ راہول گاندھی نے آج پارٹی جنرل سکریٹریز اور انچارج کے اجلاس کی صدارت کی ۔ انھوں نے کہا کہ نریندرمودی نے دو میزائیلوں کے ذریعہ معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔ انھوں نے جی ایس ٹی پر بھی ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے علاوہ سابق وزراء پی چدمبرم اور جئے رام رمیش شریک تھے ۔ ان قائدین نے کہاکہ مودی حکومت کا جی ایس ٹی خامیوں سے بھرا ہے ۔